تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی،ذکر اللہ مجاہد

تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی،ذکر اللہ مجاہد

لاہور(جاوید اقبال) جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صرف4 ماہ میں ایکسپوز ہو گئی،حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی ۔ پاکستان فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے جن وعدوں پرووٹ لئے ان پر ایک فیصد بھی عمل درآمد نہیں کر پائے،تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کر کے عوام کو زندہ درگور کردیا ،ملکی معاشی حالات میں ابتری کے ساتھ ساتھ گیس، بجلی ،پانی ،ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا،اس وقت ایسا لگ رہا ہے جیسے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور عوام لا وارث ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نان ایشوز کو ایشوز بنا رہی ہے جبکہ ہم کرتار پور بارڈر کھولنے کے مخالف نہیں ہیں مگر بھارت کا رویہ بھی دیکھنا ہے کہ وہ ورکنگ بارڈر پر جنگ بندی کی مسلسل کی خلاف ورزیاں کررہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے قیات صغریٰ برپا کررکھی ہے مگر حکمران بھارت کے آگے لیٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں پر حکومتی اثر و رسوخ سے یہ تاثر ابھررہا ہے کہ یک طرفہ احتساب ہو رہا ہے جبکہ نامکمل احتسابی عمل نے نیب اور عدالتوں پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں کیونکہ حکومت میں شامل بڑے بڑے عہدیدار بھی نیب زدہ ہیں۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکومت کے طرز عمل سے مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے جس کے اچھے مثبت نہیں نکلیں گے ،صوبائی دارالحکومت میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اسے حکومت جان بوجھ کرلٹکا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس ریفارمزکیلئے ناصر درانی کو لایا گیا مگر وہ بھی حکمرانوں کو چھوڑ کر چلے گئے ۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : صفحہ آخر