جنرل ہسپتال کے قیام کی 60سالہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری

جنرل ہسپتال کے قیام کی 60سالہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال کے قیام کی 60سالہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور گداگر خانے سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام اور مریضوں کی خدمت کا 60سالہ سفر 29جنوری کو مکمل ہونے جا رہا ہے جس روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں پر وقار اور بڑی تقریب منعقد ہو گی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے بتایا کہ اس تقریب میں اعلیٰ شخصیات کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جا رہا ہے جبکہ ریٹائرڈ پروفیسر ز ،پرنسپلز ، انتظامی ڈاکٹرز ، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی جہاں ماضی کی یادیں تازہ کرنے کے علاوہ نوجوان ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ایل جی ایچ کی تاریخ سب کے سامنے ہے اور دارلفلاح سے لے کر جنرل ہسپتال کے قیام تک آنے والے اتار چڑھاؤاور میڈیکل کے شعبے میں اس ادارے کا نمایاں مقام ہم سب کیلئے قابل فخر ہے۔

جہاں بالخصوص نیورو کے شعبے کیلئے دور دراز کے علاقوں سے مریض یہاں کا رخ کرتے ہیں ،پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ60سال کے مکمل ہونے کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اُن عوامل کا جائزہ لینا ہے جن پر عمل کر کے مستقبل کیلئے مزید بہتر منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔پروفیسر محمد طیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنرل ہسپتال کا ہر ڈاکٹر اور اہلکار اپنے فرائض منصبی ماضی کے مقابلے میں زیادہ احسن انداز میں ادا کرنے کا عہد کرے گا اور 29جنوری کے دن تجدید عہد ہوگا کہ ہم سب دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔