سپیل انڈسٹریل روبوٹ سسٹم نصب کرنے والا پہلا پاکستانی گروپ بن گیا

سپیل انڈسٹریل روبوٹ سسٹم نصب کرنے والا پہلا پاکستانی گروپ بن گیا

  

لاہور(نیوز رپورٹر)سپیل پاکستان پہلا پاکستانی صنعتی گروپ بن گیا ہے جس نے اسمبلی لائن کے لیے روبوٹک سسٹم نصب کردیا ہے، اس سے نہ صرف صنعتی پیداوار کا عمل تیز ہوگابلکہ سوفیصد بہتری بھی آئے گی۔ اس انڈسٹریل روبوٹک سسٹم کا افتتاح ہونڈا کارز پاکستان لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیرونبویوشی مورا اور لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے مشترکہ طور پر کیا۔ سپیل گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفسر ضیاء حیدر نقی، اٹلس ہونڈا کے نائب صدر پروڈکشن کے نیچی مٹساؤ، اسسٹنٹ نائب صدر ایم اشرف، جنرل مینیجر آصف محمود، ایڈوائزر ٹو چیف انجینئرنگ کوالٹی توشی نوری آوایا، سینئر مینیجر پرچیزنگ شن جی شینوزاوا بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ہونڈا کارز پاکستان لمیٹڈ کے صدر اور چی ایگزیکٹو آفیسر ہیرونبویوشی مورا نے کہا کہ سپیل پاکستان کی جانب سے روبوٹک سسٹم کی تنصیب بڑا متاثر کن قدم ہے ۔ انہوں نے کہ اکہ پاکستان کی آٹومارکیٹ میں بہت پوٹینشل ہے جس کے پیش نظر وہ پاکستان میں کاروبار بڑھانا چاہتے ہیں، چیلنجز کے باوجود پاکستان میں صارفین کی تعداد کم نہیں ہوئی۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ جلد ہی عالمی انڈسٹریل روبوٹ مارکیٹ کی شرح نمو 9فیصد تک پہنچ جانے کی توقع ہے کیونکہ آٹومیشن کی طلب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا میں روبوٹک اور آٹومیشن ٹیکنالوجی نے صنعتی انقلاب رونما کیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پیداواری عمل تیز ہوا، غلطی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے جبکہ معیار اور ورکرز کے تحفظ میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل روبوٹک سسٹم کی تنصیب سے سپیل گروپ پاکستان نے ایک سنگ میل رکھا ہے، دوسرے شعبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی اور آٹومیشن بڑھانا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سپیل گروپ نے اپنے قیام کے بعد بہت سی مصنوعات پہلی مرتبہ پاکستان میں متعارف کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان تفریق سے آٹومارکیٹ سکڑی ہے کیونکہ نان فائلر گاڑی نہیں خرید سکتے، بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے لیے فائلر ہونا ضروری نہیں لہذا یہ تفریق ختم کی جائے۔ سپیل گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاء حیدر نے کہا کہ سپیل گروپ نے70کی دہائی میں برآمدات شروع کیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا، یہ جدت کو فروغ دیکر ملک میں صنعتی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔

مزید :

کامرس -