پیپلز پارٹی قائدین کیخلاف پروپیگنڈہ بے بنیادہے ،خورشید شاہ

پیپلز پارٹی قائدین کیخلاف پروپیگنڈہ بے بنیادہے ،خورشید شاہ

کراچی /کوئٹہ(این این آئی) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ سے انکی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے ملاقات کی ۔پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی کونسل ممبر ملک عیسی خان ملازئی اور عبدالمتین خان خلجی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور وفاقی حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خورشید شاہ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی حکومت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری ، فریال تالپور اوروزیراعلیٰ سندھ کیخلاف مذموم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کر رہی ہے ۔ہمارے قائدین نے پہلے بھی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا اوراب بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے سرخرو ہونگے۔ وفاقی حکومت نے گیس ، بجلی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے اورعوام مہنگائی کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں لیکن حکمران اپوزیشن قائدین کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔

خورشید شاہ

مزید : کراچی صفحہ اول