مساجد کو تجاوزات کا نام دیکر ڈھانا شعائر اسلام کی توہین ہے،قاری عثمان

مساجد کو تجاوزات کا نام دیکر ڈھانا شعائر اسلام کی توہین ہے،قاری عثمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ عثمانیہ شیر شاہ کے رئیس قاری محمد عثمان نے کہا کہ ہل پارک کی راہ نما مسجد کو شہید کرکے مئیر کراچی دین دشمنی پر اتر آئے ہیں۔مساجد کو تجاوزات کا نام دیکر ڈھانا شعائر اسلام کی توہین ہے۔ہل پارک کی راہ نما مسجد کو شہید کرکے کھلے عام فحاشی کا اڈہ قائم کیا جارہاہے ۔مئیر کراچی تجاوزات کے خاتمے کے عدالتی حکم سے تجاوز کررہے ہیں۔وہ ہل پارک کی شہید کی جانے والی راہ نما مسجد کے دورے کے دوران نمازیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا انور شاہ، امام راہ نما مسجد مولانا عبداللہ ،جمال خان کا کڑ ،قاری زین العابدین اور دیگر رہنما موجود تھے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ تجاوزات کے نام پر عدالتی حکم سے تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہل پارک میں 40 سال سے قائم جامع مسجد راہ نما کو تجاوزات قرار دیکر شہید کئے جانا اسلام دشمنی کی بدترین مثال ہے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ منبر و محراب کی حرمت پامال نہیں کرنے دیں گے۔مئیر کراچی اور سندھ حکومت دین دشمنی سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس و مساجد امن و سلامتی کے مراکز ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا عدالت نے مساجد مسمار کرنے کے احکامات صادر کئے تھے؟ اگر ایسا نہیں تو پھر راہ نما مسجد ہل پارک کو کیوں شہید کیا گیا ہے ؟انہوں نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے نام پر آپریشن میں اب تک درجنوں مساجد کے شہید کئے جانے کے خلاف علماء کرام کو آواز بلند کرنی ہوگی ورنہ جو کھیل میئر کراچی کے ذریعہ شروع کرایا گیا ہے اگر اسے روکنے کی کوشش نہ کی گئی تو کراچی کی سینکڑوں مساجد کو شہید اور مدارس مسمار کردیا جائیگا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ ہل پارک کی مسجد کونسے ناجائز تجاوزات کے زمرے میں آتی تھی جسے شہید کردیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر