عثمان بزدار پرویز الہٰی کو منانے میں ناکام ،وزیراعظم ہاؤس کا چودھری برادران سے رابطہ 24گھنٹوں میں ملاقات متوقع

عثمان بزدار پرویز الہٰی کو منانے میں ناکام ،وزیراعظم ہاؤس کا چودھری برادران ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک نیوز ایجنسیاں ) پنجاب حکومت،مسلم لیگ (ق) کے تحفظات دور کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدارسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیر معدنیات پنجاب حافظ عمار یاسر کے استعفیٰ کے معاملہ پر منانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرویز الہیٰ نے شکوہ کیا ہے کہ اتحاد کے حوالے سے طے پانے والے معاملات پر تا حال عملدرآمد نہیں ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق گزشتہ رات وزیز اعلیٰ پنجاب نے اپنے پرنسپل سکیرٹری اور وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجا کے ہمراہ پرویز الہیٰ سے ملاقات کی تھی تاہم مسلم لیگ (ق) اور حکومت کے درمیان ناراضگی برقرار ہے ۔پرویز الہیٰ نے کہا کہ جب مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کے ساتھ پی ٹی آئی نے اتحاد کیا تھا تو دو، دو وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اب تک ایک، ایک وزارت دی گئی ہے اور ان کے وزراء بھی بے اختیا ر ہیں ۔پرویز الہٰی نے سردارعثمان بزدار کو بتایا کے آپ کے والد کے ساتھ میرے ذاتی تعلقات تھے اس کے باوجود آپ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد کے معاملات کو صیح طریقہ سے آگے نہیں لے کر جا سکے۔ عثمان بزدار نے یقین دلایا کہ اب پوسٹنگ، ٹرانسفر اور دوسرے امور میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔ اس پر پرویز الہیٰ نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر کوئی مسئلہ نہیں، معاہدوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے ۔ دوسری طرف وزیر اعظم ہاؤس نے چودھری برادران سے رابطہ کیا ہے، 24 گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چودھری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق چودھری برادران کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، اتحادیوں سے اختلاف ہیں نہ کوئی دوری ہے۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے حکمران اتحاد سے تحفظات میں اضافہ ہوگیا، ایشوز پر بھی کوئی مشاورت نہیں کی گئی، اختلافات بڑھنے لگے ہیں،اعلی قیادت کو2 ماہ میں کئی بار آگاہ کرنے کے باوجود حالات میں بہتری کی بجائے خرابی میں اضافہ ہوا ،پی ٹی آئی سے اتحاد وسیع تر ملکی مفاد میں کیا گیا تھا ،پہلے بھی اتحاد میں رہے لیکن اتحادیوں سے اتنا برا سلوک دیکھنے میں نہیں آیا ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کامل علی آغانے کہا کہ مسلم لیگ کے ارکان اسمبلی کو اپنے انتخابی حلقوں کے کام میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اور قیادت نے حکمران اتحاد میں شامل ہونے کے باعث نہایت نیک نیتی سے مکمل تعاون کیا اور بعض ایسے امور جو ان کی سوچ میں بھی نہیں تھے ان سے نہ صرف قبل از وقت آگاہ کیا بلکہ ان سے احسن طور پر نکلنے میں مکمل ساتھ دیا لیکن اس کے باوجود ہمارے ساتھ نہایت افسوسناک رویہ روا رکھا گیا۔ کامل علی آغا نے کہا کہ وسیع تر ملکی مفاد میں اتحاد کا مقصدیہ ہے کہ تمام اتحادیوں کو ملک اور عوام کی بہتری کے کاموں میں برابرکا شریک کیا جائے۔ یہ نہ ہو کہ اتحادی جماعت کی پروا نہ کی جائے اتحادی جماعت کے ارکان کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جائے اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کے بجائے ان میں دن بدن اضافہ ہو تا جائے۔

وزیراعلیٰ ناکام

مزید :

کراچی صفحہ اول -