سپورٹس راؤنڈ اَپ
پاکستان جوڈو فیڈریشن کااولمپکس کوالیفکیشن مقابلوں میں اتارنے کا فیصلہ
پاکستان جوڈو فیڈریشن اولمپکس گیمز 2020ء کی تیاری کے حوالے سے 3کھلاڑیوں کو اولمپکس کوالیفکیشن مقابلوں میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت فنڈز سے مشروط ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے کو بتایا کہ جاپان کے شہر ٹوکیو میں کھیلے جانے والے اولمپکس گیمز 2020ء کا کوالیفکیشن راؤنڈ جاری ہے۔ پاکستانی کھلاڑی اپریل میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایشیئن جوڈو چیمپئن شپ میں پہلی کوالیفکیشن راؤنڈ میں شرکت کریں گے۔ فیڈریشن نے جن کھلاڑیوں کو کوالیفکیشن کے مقابلوں میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں شاہ حسین شاہ، قیصر خان اور آمنہ طیاڈا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اولمپکس گیمز کے لئے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑیوں کی شرکت فنڈز سے مشروط ہے اگر فیڈریشن کو فنڈز مل جاتے ہیں تو اولمپکس گیمز 2020ء سے قبل تمام کوالیفکیشن مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے۔
لوئی ویل ایئرپورٹ کا نام باکسنگ چیمپیئن محمد علی کے نام سے
منسوب کرنے کا فیصلہ
امریکی ریاست کینٹکی کے حکام نے لوئی ویل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرکے باکسنگ چیمپئن محمد علی کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس حوالے سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ کے بورڈ نے (16جنوری)کو ووٹنگ کے ذریعے یہ فیصلہ کیا۔ دی ہِل کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ حکام محمد علی کے اہل خانہ سے ان کا نام استعمال کرنے کی اجازت لینے کے حوالے سے کوشش کر رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بس ہونے کو ہے۔ واضح رہے کہ باکسنگ چیمپیئن محمد علی 3 جون 2016 ء کو انتقال کرگئے تھے، لوئی ویل ان کا آبائی شہر ہے، جہاں انہیں دفن کیا گیا۔میئر گریگ فشر کا کہنا ہے کہ محمد علی نے اپنی باکسنگ کے ساتھ ساتھ اسلام قبول کرنے کے اپنے کھلے عام فیصلے سے بھی پوری دُنیا کے لوگوں کو متاثر کیا۔لوئی ویل ایئرپورٹ کا نام محمد علی ایئرپورٹ رکھنے کا عمل رواں برس جون تک مکمل کرلیا جائے گا، یہ وہی وقت ہے جب یہ شہر باکسنگ چیمپئن کے اعزاز میں 'آئی ایم علی فیسٹیول کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عظیم باکسر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہے، جبکہ اس کا ایک مقصد شہر میں سیاحت کو فروغ دینا بھی ہے۔
ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، پاکستان نے بھارت کو بھی شکست دیدی
19ویں ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں ٹیم پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح سمیٹ لی۔تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں جاری ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں ٹیم پاکستان نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے، روایتی حریف بھارت کو دو ایک سے دھول چٹا دی، انیسویں سالانہ ایونٹ میں پاکستان کی طرف سے زیب عباس، فرحان ہاشمی اور حارث قاسم نے نمائندگی کی۔فرحان ہاشمی کو تشانت شاہانی سے شکست ہوئی، ایشیا جونیئر اسکواش مقابلوں میں پاکستان نے بھارت سے پہلے کورین ٹیم کو تین صفر سے ہرایا تھا۔
ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے سری لنکا بھجوائیں
گے، سیّد سلطان شاہ
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے 3 رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی سیریز کے لئے ملک بھر سے 28کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ان کی رپورٹ پی بی سی سی کو پیش کرے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے چیئرمین نے تین رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں اسلام آباد بلائنڈ کرکٹ کلب کے صدر محمد بلال ستی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے دیگر ممبران میں ابرار شاہ اور مسعود جان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین رکنی سلیکشن کمیٹی 20 جنوری کو 28 کھلاڑیوں کی فہرست پی بی سی سی کو پیش کرے گی اس کے بعد 23 سے 25 جنوری تک انہی کھلاڑیوں کے ٹرائل لئے جائیں گے جن میں سے 15کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا،تاہم 15رکنی حتمی ٹیم کا اعلان آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ فروری میں سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ اپنے دورے کے دوران وہ سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین سیریز 20 فروری سے 4 مارچ تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کیمپ میں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے سری لنکا بھجوائیں گے۔
قومی ٹیم فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی
قومی ٹیم فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے بتایا کہ چیمپئن شپ یکم سے 5 فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس میں 20 پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑی اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ایونٹ میں 27سے زائد ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ پچھلی مرتبہ ایونٹ میں 27 سے 28 ممالک نے شرکت کی تھی جس میں پاکستان نے 12ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ وسیم احمد جنجوعہ نے بتایا کہ ایونٹ کے لئے فیڈریشن نے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے امید ہے کہ وہ اس مرتبہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے اچھے رزلٹ حاصل کریں گے۔
گوگل کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کو گوگل ڈوڈل کی صورت میں خراج عقیدت
پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کی 94 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں گوگل ڈوڈل کی صورت میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ عبدالحفیظ کاردار 17 جنوری 1925ء کو پنجاب کے مشہور کاردار آرائیں گھرانے میں پیدا ہوئے، جنہوں نے اپنا کیریئر بطور کرکٹر بنایا۔ ان کا شمار اْن تین کھلاڑیوں میں ہوتا،جنہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں کے لئے کرکٹ کھیلی، ان کے علاوہ عامر الہیٰ اور گل محمد بھی ایسے ہی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عبدالحفیظ کاردار آل راؤنڈر تھے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں بیٹنگ کے شعبے میں 6,832 رنز بنانے کے علاوہ باؤلنگ کے شعبے میں 344 وکٹیں حاصل کیں۔عبدالحفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ ان کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔ عبدالحفیظ کاردار 21اپریل 1996ء کو دُنیائے فانی سے کوچ کرگئے، لیکن کرکٹ کی دُنیا میں ان کا نام آج بھی روشن ہے۔ دُنیا بھر کے ممتاز کرکٹرز نے گوگل کے ڈوڈل پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کی پذیرائی پر دنیائے کرکٹ میں پاکستان کے مقام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا ہے،جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کی مزید حوصلہ افزائی ہو گی۔