تحریک انصاف مکہ مکر مہ مڈل ایسٹ کے حالیہ تنظیمی ڈھانچے کو مستر د کر تے ہیں: سابق عہد یدران

تحریک انصاف مکہ مکر مہ مڈل ایسٹ کے حالیہ تنظیمی ڈھانچے کو مستر د کر تے ہیں: ...

  



جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ مڈل ایسٹ کے حالیہ متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیکر حقیقی تنظیم سازی کی جائے جبکہ من مانے فیصلوں سے پارٹی کمزور ہو گی۔ آج صورت حال یہ ہے کہ پورے مڈل ایسٹ نے پارٹی کے اورسیز چیپٹر (او آئی سی) کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ یہ پارٹی آئین کی نفی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے سابق عہدیدران کی جانب سے پریس کانفرنس میں کیا گیا، پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک مکہ مکرمہ کے سابق نائب صدر ملک سرفراز، سابق جنرل سیکرٹری سید خاقان، سابق میڈیا کوآرڈینیٹر وحید ربانی، سابق صدر یوتھ ونگ ارسلان شاہد، سابق صدر میڈیکل وِنگ انور جاوید اور سابق جنرل سیکرٹری یوتھ وِنگ اختر علی رانا شامل تھے۔ سابق عہدیداروں نے واضح کیا کہ ہم پارٹی کے اندر رہتے ہوئے صیح کو صیح اور غلط کو غلط کہیں گے اور یہ پریس قطعاً پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ اس طریقہ کار کے خلاف ہے جس کے تحت مڈل ایسٹ میں نیشنل باڈی کا اعلان کیا گیا ہے،گزشتہ تنظیم سازی کے وقت رجسٹرڈ ممبران کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر چکی تھی اور بعد میں بھی ممبرز رجسٹرڈ ہوتے رہے جس سے آئیندہ آنے والی تنظیم سازی میں توقع کی جا رہی تھی کہ رجسٹرڈ ممبران کی تعداد 25 سے 30 ہزار ہو جائے گی لیکن سیکرٹری او آئی سی کی غلط پالیسی اور براہِ راست مڈل ایسٹ کے عہدیداروں کے چناؤ نے اس تنظیم سازی کو نہ صرف متنازعہ بنایا بلکہ اس وقت رجسٹرڈ ممبران کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم ہے.پریس کانفرنس کے دوران سابق عہدیدران کا کہنا تھا کہ کارکنان کو جوڑ کر رکھنا از حد ضروری امر ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اوورسیز ورکرز نے ہر دور میں پارٹی کے لئے تگ و دو کی اور آئیندہ بھی اپنی پارٹی کے لئے کام اسی صورت میں جاری رکھ سکتے ہیں جب ان کا اعتماد بحال ہو.پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے عہدیداران نے چیف آرگنائزر مڈل ایسٹ سیف اللہ خان نیازی اور سیکرٹری او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے متنازعہ تنظیمی ڈھانچے کو فی الفور کالعدم قرار دیتے ہوئے از سرِ نو ممبر شپ ڈرائیو کا اعلان کریں اور گزشتہ فارمولا کو اپناتے ہوئے پہلے شہر شہر تنظیم کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ممبر کوارڈینیٹرز کی ووٹنگ سے ریجنل اور نیشنل باڈیز کو الیکٹ کریں.اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ کے کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

سابق عہدیدران

مزید : پشاورصفحہ آخر