چین نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا: وزیراعظم آزاد کشمیر

  چین نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا کشمیر کیساتھ وابستہ ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو دبانے میں ناکام ہوچکا، آج اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے۔ مودی کی تمام پالیسیاں انسان دشمنی کی پالیسیاں ہیں۔ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لیے پاک فوج کی پشت پر ہے ،ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ چین کے شکر گزار ہیں جس نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا۔صحافت کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، میڈیا بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرے۔جموں وکشمیر 14ویں سالگرہ پر چیف ایڈیٹر سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں روزنامہ جموں وکشمیر کی14ویں سالگرہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبد الرشید ترابی،چیف ایڈیٹرروزنامہ جموں وکشمیر و صدر اے کے این ایس عامرمحبوب، حریت رہنماء یوسف نسیم، جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ،نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل قرار، حریت رہنماء عبد الحمید لون، تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود، سینئر صحافی شہزاد راٹھور، سابق ایم ایل اے چوہدری مقبول اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ نے حق دیا ہے کہ وہ اپنی آزادی کی تحریک چلائیں اور قابض بھارتی فوج کے خلاف مزاحمت کریں، ہندوستان 5اگست کے بعد رد عمل کا منتظر رہا پھر اکتوبر مزید عملی قدم اٹھایا۔ہندوستان نے ہر حربہ اختیا ر کیا لیکن کشمیریوں کو مغلوب نہیں کر سکا۔ ہمیں ادراک ہے کہ وطن عزیز اس وقت مشکل حالات میں ہے۔ہندوستان کی ایماء پر امریکہ، FATFاور دیگر بین الاقوامی ادارے پاکستان پر دباؤ ڈال رہے ہیں تا کہ پاکستان کشمیر کے لئے کچھ نہ کر سکے۔ ہمیں اپنی پالیسیاں رد عمل میں بنانے کی بجائے مؤثر حکمت عملی کے ساتھ ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ امریکہ، روس، ترکی،برطانیہ، فرانس، جرمنی، سعودی عرب، دبئی جیسے دنیا کے مضبوط ممالک میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے آزادکشمیر میں آٹا کے بحران کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کو فوری آٹے کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فوری تفصیل فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برفانی علاقوں میں 6مہینے کیلئے آٹا کا سٹاک موجود ہوتا ہے تاہم ان علاقوں میں دوبارہ سٹاک کا جائزہ لیکر فوری اقدامات کیے جائیں۔
راجہ فاروق حیدر