ڈیرہ‘ مختلف حادثات میں 1 جاں بحق‘ 12 زخمی

  ڈیرہ‘ مختلف حادثات میں 1 جاں بحق‘ 12 زخمی

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)انڈس ہائیوے اور چشمہ روڈ پر مختلف حادثات میں 10سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ3 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتاولوں میں منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود چشمہ شوگر ملز کے سامنے موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں 10سالہ محمد علی سکنہ گاؤں فتح جاں بحق جبکہ اس کا چچا زاد بھائی زخمی ہوگیا، زخمی نوجوان کو موقع پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا۔ تھانہ گومل یونیورسٹی پولیس نے نامعلوم ٹریکٹر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ادھر چشمہ روڈ پر گاؤں کوٹ جائی کے قریب تیز رفتار موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس حادثے میں گاڑی ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں ڈیرہ شہر کے پررونق مقام حقنواز پارک اور ژوب اڈا میں قبائلی افرادکے مابین لین دین کے تنازعہ پر جرگوں کے دوران مخالفین طیش میں آ گئے، حقنواز پارک میں کلاشنکوف کی فائرنگ دو افراد جبکہ ژوب اڈا میں اینٹوں اور ڈنڈوں کے وار سے 7افراد زخمی ہوگئے، پولیس کی فوری کاروائیاں، 2ملزم گرفتار، ڈی پی او ڈیرہ کا واقعات کا نوٹس، عوامی مقامات پر جرگوں کے انعقاد پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے تنازعات کو ڈی آر سی کے فورم پر حل کرانے کی ہدایات۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی اور تھانہ کینٹ کی حدود میں قبائلی افراد کے مابین لین دین کے تنازعات جھگڑوں میں تبدیل ہوگئے اور مخافین نے طیش میں آکر ایک دوسرے پر اسلحہ، ڈنڈوں اور اینٹوں سے وار میں 9افراد زخمی ہوگئے۔ پہلے واقعہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں ڈیرہ شہر کے پررونق مقام حقنواز پارک میں لین دین کے تنازعہ پر قبائلی جرگے کے دوران ایک فریق کی جانب سے بات نہ ماننے اور جرگہ چھوڑ کر جانے پر مخالف فریق نے طیش میں آکر کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا، واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو15اور سٹی پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ دوسرے واقعہ میں تھانہ کینٹ کی حدود دین پور روڈ ژوب اڈا پر جرگے کے دوران فریقن نے طیش میں آکر ایک دوسرے پر لاتوں مکوں، اینٹوں اور ڈنڈوں کی بارش کردی جس سے دونوں جانب سے 7افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے عوامی مقامات پر جرگوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام تر تنازعات کو ڈی آر سی کے فورمز پر حل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

حادثات

مزید : پشاورصفحہ آخر