المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے لاوارث افراد میں رضائیاں تقسیم

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے لاوارث افراد میں رضائیاں تقسیم

  



لاہور(فلم رپورٹر) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی (ٹرسٹ) کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت لاہور میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے والے لاوارث افراد میں رضائیاں تقسیم کی گئیں۔ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ شہر میں دس ہزار سے زائد لاوارث افراد اور مسافر شدید سردی میں سڑکوں، فٹ پاتھوں، پارکوں، مزارات، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈے پر کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، شہر میں نومبر سے جنوری تک 19 افراد سردی کی شدت سے جاں بحق ہو چکے ہیں، ان میں فٹ پاتھ پر سونے والے افراد کی اکثریت ہے جوشہر کے مختلف علاقوں داتا دربار، لاری اڈہ، شاہدرہ، لٹن روڈ، ہنجروال، شیرا کوٹ، نولکھا، شففق آباد میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر شب بسری کر تے ہیں،جن علاقوں میں رضائیاں تقسیم ہوئیں ان میں مال روڈ، چوبرجی، داتا دربار، لو ئر مال و دیگر شامل ہیں۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ لاہور شہر میں سرکاری پناہ گاہیں موجود ہیں لیکن وہاں بے گھر افراد کو شناختی کارڈ کے بغیر اجازت نہیں ملتی، اسی طرح لاہور کے شناختی کارڈ رکھنے والوں کو داخلے پر پابندی ہے، مزدور طبقے کو صرف دو راتیں سونے کی اجازت ملتی ہے جس سے انھیں مشکلات ہیں، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے مطالبہ ہے کہ پناہ گاہوں کے غیر متعلقہ قواعد و ضوابط میں نرمی کی جائے۔

تاکہ مزدور طبقے اور مسافروں کو آسانی ہو، رضائیاں تقسیم کرنے کے موقع پر سردی سے بیمار ہونے والے تین افراد کو ایمبولنس کے ذریعے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، بعض مسافر جن کے پاس آبائی گھروں میں واپس جانے کے لئے کرایہ نہیں تھا انھیں نقد رقم بھی دی گئی، رضائیاں تقسیم کرنے والوں میں المصطفیٰ کے رضا کاروں نواز کھرل، فیاض احمد اطہر، حامد رضا، حسنین اصغر نوری شامل تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1