وزیراعظم کنونشن میں کاروباری مسائل کے حل کا اعلان کریں، انجمن تاجران

وزیراعظم کنونشن میں کاروباری مسائل کے حل کا اعلان کریں، انجمن تاجران

  



لاہور(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ امیدہے کہ وزیر اعظم عمران خان تاجر رہنماؤں کے کنونشن سے خطاب میں مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کریں گے،شناختی کارڈ کی شرط بھی ختم کی جائے،تاجر طبقہ نا مساعد حالات کے باوجود معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرتا ہے اس لئے اس کے کردار کو سراہا جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجرتنظیموں کے نمائندوں نے ایف بی آر کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کئے اور انہیں کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے معاہدے پر دستخط کئے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت نہ صرف ہمارے مسائل کو سمجھے گی بلکہ کئے گئے معاہدے پرمن و عن عملدرآمدکیاجائے گا۔ ہمار ا مطالبہ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر ملک کو معاشی طور پر آگے بڑھاناہے تو معیشت میں کردار ادا کرنے والے ہر شعبے کوعزت و احترام دیا جائے اور ان کی ستائش کی جائے۔ دوسرے شعبوں کی طرح تاجروں کیلئے بھی حکومتی سطح پر ستائش کرنے کیلئے تقریب کا انعقادہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر وں نے کبھی بھی ٹیکس دینے سے انکارنہیں کیا لیکن اضافی بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں، ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیاجائے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تاجر کنونشن کے بعد تاجررہنما حکومتی اعلان کا جائزہ لے کر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

مزید : کامرس