پشاور، 10سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال کرنے کیلئے حکومتی تیاریاں

پشاور، 10سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال کرنے کیلئے حکومتی تیاریاں

  



اسلام آباد (اے پی پی) پشاور میں 10سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال کرنے کیلئے پاکستان سکواش فیڈریشن اور خیبر پختونخوا حکومت نے تیاریاں زور شور سے شروع کردی ہیں، پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے دو ایونٹس رواں سال کھیلے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ فیڈریشن نے پشاور میں پی ایس اے کے دو ایونٹس کرانے کیلئے پروفیشنل سکواش ایسوی ایشن کو مراسلہ بجھوایا ہے، امیدہے عالمی مقابلوں کی جلد منظوری دی جائے گی، اس حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت اور فیڈریشن نے پشاور میں ایونٹس کرانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

پشاور 20ہزار اور 5ہزار ڈالر کے دو ایونٹس مارچ اور اکتوبر میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں قومی جونیئر کھلاڑی حمزہ خان نے برٹش اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی، انہیں آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ان کی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کیلئے سخت تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل میں گہری دلچسپی کی بھی ضرورت ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پشاور، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں سکواش کی اکیڈمیاں قائم کی گئی ہیں جہاں جونیئر کھلاڑیوں کو سابق نامور کھلاڑی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ چند سالوں میں ان اکیڈمیوں سے باصلاحیت کھلاڑی نکلیں گے اور ماضی کی طرح پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر سکواش کی حکمرانی بحال ہو جائے گی۔ پشاور میں جان شیر خان اور وہ خود اکیڈمی میں جونیئر کھلاڑیوں کو ٹپس دے رہے ہیں اور یہاں پر ہر سال 20 سے 22 قومی ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں نئے کھلاڑیوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم ہوتے ہیں۔ نائب صدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بالخصوص وزیر کھیل عاطف خان کھیلوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں 10 سال بعد پی ایس اے کے مقابلے کرانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عاطف خان کھیلوں بالخصوص سکواش سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں اور پشاور میں انٹرنیشنل مقابلوں میں کے پی کے حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی