پاکستان بنگلہ دیش سیریز کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

      پاکستان بنگلہ دیش سیریز کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20سیریز کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور پچز کی تیاری کا کام آخری مراحل میں ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف ٹی 20سیریز کیلئے5 پچز تیار کرلی گئی ہیں۔ اسٹیڈیم میں صفائی ستھرائی اور رنگ و روغن کا کام بھی آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ میچز کے انعقاد کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں جاری تیاریوں میں تیزی آگئی ہے، گزشتہ روز عملہ نے ٹوٹی ہوئی کرسیاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، رنگ و روغن بھی کیا جارہا ہے، میڈیا باکس کی تزیئن وآرائش کا کام بھی ہورہا ہے۔تماشائیوں کو آئی سی سی کے متعارف کردہ کوڈ آف کنڈکٹ سے آگاہی دینے کیلیے اسٹیڈیم کے داخلی راستوں کیساتھ اسٹینڈز کے قریب بھی فلیکس آویزاں کردیے گئے ہیں، ان پر نسلی منافرت اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کرنے کی ہدایات درج کرتے ہوئے شائقین کو خبردار رہنے کا کہا گیا ہے، ایمرجنسی کال نمبرز بھی درج ہیں، اسٹیڈیم میں اطراف میں موجود دکانوں اور ہوٹلوں وغیرہ کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔اسٹیڈیم میں سیکورٹی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے اورسیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سی سی پی اولاہورذوالفقارحمید نے پولیس افسران کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا ہے۔ انھوں نے اسٹیڈیم کے اندرسیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔ مینجر قذافی اسٹیڈیم کرنل ریٹائرڈ ایازنے سی سی پی اوکوانتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکیورٹی اداروں نے نشترپارک کے گرد دفاعی حصار قائم کرنے کیلیے اپنی پلاننگ کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، ٹیموں کی آمد و رفت کے روٹ کو محفوظ بنانے کیلیے متعلقہ حکام سر جوڑکربیٹھ گئے ہیں۔پاک بنگلادیش ٹی 20میچز 24،25اور 27جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی