پی ایس ایل کی تیاریاں،پی سی بی کا 2روزہ اجلاس آج شروع ہوگا

پی ایس ایل کی تیاریاں،پی سی بی کا 2روزہ اجلاس آج شروع ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فائیو کی تیاریوں کے حوالے سے پی سی بی کا 2روزہ اہم اجلاس آج لاہور میں شروع ہوگا، جس میں ٹکٹنگ اور سیکیورٹی سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال ہونا ہے۔پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20فروری کو شروع ہو رہا ہے،اس بار مکمل پی ایس ایل کا انعقاد ہوم گراونڈز پر ہی ہونا ہے، میچز کی میزبانی چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کو سونپی گئی ہے۔اہم میٹنگز پیر اور منگل کو لاہور میں ہوں گی، پی سی بی نے اس میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، میٹنگز میں ٹیموں کولیگ کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، سفری اور رہائشی انتظامات پر بات ہو گی، پلیئر اور تفریحی پروگرام پر تبادلہ خیال بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ٹکٹنگ کے حوالے سے فرنچائزز کو اعتماد میں لیا جائے گا، بورڈ کی کوشش ہے کہ زیادہ قیمت نہ رکھے تاکہ بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم آ کر میچز سے لطف اندوز ہوں، ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلوں سے ٹیموں کو گیٹ منی بھی حاصل ہوگی، میٹنگ میں فرنچائزز کے مفت پاسز پر بھی بات ہوگی، سیکیورٹی کے حوالے سے بھی ٹیموں کو بریفنگ دی جائے گی، خصوصا غیرملکی کرکٹرز کے لیے انتظامات سے آگاہ کیا جانا ہے، مارکیٹنگ اور کمرشل سمیت میڈیا اینڈ ڈیجیٹل معاملات بھی زیرغور آئیں گے۔