کشمیر کے معاملے پر مستعفی ہونیوالے سابق بھارتی افسر گرفتار

  کشمیر کے معاملے پر مستعفی ہونیوالے سابق بھارتی افسر گرفتار

  



نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے بھارت کے سابق آئی اے ایس افسر کنن گوپی ناتھن کو الہ آباد کے ہوائی اڈے پر پولیس نے حراست میں لیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گوپی ناتھن ہفتے کو دہلی سے الہ آبادپہنچے جہاں انہیں آل انڈیا پیپلز فورم کے زیر اہتمام شہریت بچاؤ، آئین بچاؤ اور جمہوریت بچاؤ کے عنوان سے ایک سمپوزیم سے خطاب کرنا تھا۔ سابق آئی اے ایس افسر نے ہوائی اڈے سے کئی ٹویٹس کرتے ہوئے لکھا ان کو نظربند کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹس میں کہاکہ میں طیارے سے نکل کر ہوائی اڈے سے باہر آرہا تھاتو دس کے قریب پولیس اہلکار میرے پاس آئے اورمیرا نام پتہ پوچھا اور جب میں نے انہیں اپنا نام بتایا تو وہ مجھے کسی وی آئی پی لاؤنج میں اور اس کے بعد کسی سکیورٹی روم میں لے گئے۔ سابق آئی اے ایس آفیسر نے مزید لکھا کہ پولیس نے مجھ سے الہ آباد کے بعدکی مصروفیات کے بارے میں پوچھا اورجب میں نے انہیں بتایا کہ مجھے ہفتے کی رات کو دہلی سے بوکارو کے لئے فلائٹ پکڑنی ہے تو انہوں نے مجھے دہلی واپس بھیج دیا۔ گوپی ناتھن نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت اوردفعہ 370 کے خاتمے کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے احتجاجاً استعفیٰ دیا تھا۔

بھارتی افسر گرفتار

مزید : صفحہ آخر