مہنگائی کی شدت میں ہر روز اضافہ قابل مذمت، مریم اورنگزیب

مہنگائی کی شدت میں ہر روز اضافہ قابل مذمت، مریم اورنگزیب

  



اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی کی شدت میں اضافے کی مذمت، اشیائے خوردونوش سستی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اس عذاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے،عمران صاحب سولہ ماہ میں نواز شریف کے ترقی کرتے ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب صرف سولہ ماہ میں ملک کو غریب اور مہنگا ترین ملک بنا دیا ہے،عمران صاحب آپ نے سولہ ماہ میں عوام سے صرف اْن کو رلانے کا وعدہ پورا کیا،محکمہ شماریات کے اعدادوشمار عمران صاحب کی نالائق حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے،سرکاری محکمے خود گواہی دے رہے ہیں کہ ملک نالائق ترین ٹولے کے رحم وکرم پر ہے۔ انہوں نے کہا بجلی، گیس سے لے کر دال، سبزی اور ٹماٹر تک ہر چیز مہنگائی کا ریکارڈ توڑ چکی ہے،دسمبر2019ء میں خوراک کی قیمتوں میں 82 فیصد اضافہ عمران حکومت کی بے حسی کا ثبوت ہے،ٹماٹر 321 فیصد، پیاز 169 اور سبزیاں 84 فیصد مہنگی ہونا نالائق حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے،دال مونگ53 فیصد، گڑ31 فیصد، گیس چارجز میں 55 فیصد اضافے کا مطلب ہے کہ عوام کو مہنگائی نے پیس کررکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا عمران صاحب اتنی زیادہ مہنگائی کرچکے ہیں کہ غریب اپنی غربت کے ساتھ ختم ہوجائے،جو حکومت سستا ٹماٹر، پیاز اور سبزی نہیں دے سکتی، عوام کو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کیسے دے سکتی ہے؟،بجلی، گیس، دال، روٹی، آٹا، بچوں کا دودھ اور دوائی تک ہر چیز غریب کی پہنچ سے دور گئی،عمران صاحب یہ ہے آپ کا احساس؟ یہ ہے آپ کی احساس کی ریاست؟ یہ تو بے حسی کی حکومت ہے،تعلیم، صحت، کاروبار، روزگار ہر شعبہ کے لوگ دہائی دے رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب

مزید : صفحہ آخر