نیشنل پروگرام برائے بہتری آبی ذخائر، فیز llکے تحت آزاد کشمیر کیلئے 2ار ب کا منصوبہ منظور

نیشنل پروگرام برائے بہتری آبی ذخائر، فیز llکے تحت آزاد کشمیر کیلئے 2ار ب کا ...

  



مظفرآباد (آئی این پی)حکومت پاکستان نے ”نیشنل پروگرام برائے بہتری آبی ذخائر“ فیزIIکے تحت آزادکشمیر کیلئے 2ارب 30کروڑ77لاکھ39ہزار کی لاگت کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔یہ منصوبہ5سال کی مدت کیلئے ہو گا جس کی پہلی قسط محکمہ آبپاشی، سمال ڈیمز آزادکشمیر کو جاری کر دی گئی ہے۔ اسی منصوبہ کے تحت آزاد کشمیر بھر میں 1165واٹر چینلز اور600واٹر ٹینک اور واٹر ہاروسٹینگ سٹرکچر تعمیر کیے جائیں گے۔ جن سے زراعت کے شعبہ میں بہتری آئے گی اور زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کوسیراب کیا جا سکے گا۔ آزادکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آبپاشی و سمال ڈیمز احسان احمد قاضی نے منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان اور سینئر وزیر و وزیر آبپاشی چوہدری طارق فاروق کی ہدایت پر یہ منصوبہ وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا تھا اور ان کی دلچسپی کی وجہ سے یہ منصوبہ منظور ہو چکا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے آزادکشمیر بھر میں محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں سروے کررہی ہیں۔ یہ منصوبہ آزادکشمیر میں زراعت کے شعبہ کی ترقی کیلئے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔ محکمہ کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لینڈ ہولڈرز اس سے استفادہ کرسکیں۔ منصوبہ کے تحت ضلع نیلم میں 139واٹر چینل، مظفرآباد میں 225، جہلم ویلی میں 58باغ84،حویلی53، پونچھ81،سدھنوتی65،کوٹلی104،میرپور177اور بھمبر میں 179واٹر چینلز تعمیر کیے جائیں گے جن کی کل لمبائی1283.68کلو میٹر ہوگی جبکہ ان واٹر چینلز کی تعمیر سے31243.27ایکڑ رقبہ سہراب ہو گا۔ اسی طرح منصوبہ کے تحت ضلع نیلم میں 75،مظفرآباد میں 125، جہلم ویلی میں 50، باغ میں 50، حویلی 50راولاکوٹ میں 75،سدھنوتی میں 25، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی50واٹرٹینک اور واٹرہاروسیٹنگ سٹرکچر تعمیر کیے جائیں گے جن میں بارش کا پانی ذخیرہ کر کے اسے زراعت اور دیگر مقاصد کیلئے زیر استعمال لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بارانی علاقوں میں آبپاشی کیلئے یہ ایک بہترین ذریعہ ثابت ہو نگے۔زراعت سے وابستہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی ڈیمانڈ محکمہ کے پاس لیکر آئیں تاکہ انہیں مطلوبہ سہولیت مہیا کی جا سکیں۔ منصوبہ کے تحت محکمہ آبپاشی میں درخواستیں وصول کرنے کا عمل جاری ہے جس کے بعد درخواستوں کے مطابق متعلقہ علاقوں کا دورہ کر کے سروے کیا جا ئے گا۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈپٹی ڈائریکٹر آبپاشی وسمال ڈیمز خواجہ اعجاز نے کہاکہ اس منصوبہ کے تحت80فیصد فنڈز حکومت فراہم کرے گی جبکہ 20فیصد کمیونٹی شیئر ہو گا۔ اس پانچ سالہ منصوبے کے تحت آزادکشمیر کی بڑی زرعی زمین کو ٹارگٹ کیا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو آبپاشی کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

آبی ذخائر

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر