آٹا بحران عوام کیخلا ف سوچی سمجھی سازش، ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے: شہباز شریف

آٹا بحران عوام کیخلا ف سوچی سمجھی سازش، ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے: شہباز ...

  



لندن، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے آٹے کے بحران پر فوری انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ کس کے حکم پر آٹا بیرون ملک بھجوایا گیا؟شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے جب ملک میں کمی تھی تو گندم اور آٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا؟ قوم کو بتایا جائے کس کے حکم پر اور کس قیمت پر گندم اور آٹا برآمد ہوا؟ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک وقوم کا نقصان کرکے کس نے فائدہ اٹھایا؟قائد حزب اختلاف نے سوال اٹھا کہ 16 ماہ میں گندم کے ذخائر کہاں گئے؟ ذخائر کم تھے تو برآمد کرنے کا فیصلہ کیوں ہوا؟ سولہ ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتا لگانا ہوگا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا صورتحال کی تنزلی کا یہی عالم رہا تو تین ماہ بعد کا سوچ کر خوف آ رہا ہے۔ حکمران 2020ء کو بہتری جبکہ معاشی ماہرین معاشی تباہی کا سال قرار دے رہے ہیں۔ قوم کی چیخیں نکلوانے کے باوجود مزید اربوں روپے کے مزید ٹیکس کی بازگشت قیامت در قیامت ہے۔ مزید ٹیکس لگانے سے معیشت کی رہی سہی سانس بھی بند ہو جائے گی۔لیگی صدر نے کہا ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے۔ اگر عمران صاحب لاعلم ہیں تو نالائق اور اگر ان کی مرضی سے ہو رہا ہے تو پھر وہ کرپٹ عناصر کے سرغنہ ہیں۔ معاشی ماہرین کے تجزیات درست ہیں تو آنے والا وقت قوم کی چیخوں کو آسمان پر پہنچا دے گا۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا آٹا بحران عوام کیخلاف سوچی سمجھی سازش ہے، جس کے کردار سامنے لانا ہوں گے، ملک میں نت نئے تجربات کیے جارہے ہیں اور اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے۔ اس افراتفری میں چند موقع پرستوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں، قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک و قوم کا نقصان کرکے کس نے فائدہ اٹھایا۔شہباز شریف کا کہنا تھا 16 ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا، ہر شعبے کی تنزلی کو بریک نہ لگا تو چند ماہ بعد حالات ٹھیک کرنے کے لئے کسی معجزہ کی ضرورت ہوگی۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو عوام کیلئے انتہائی مشکل حالات پیدا ہونے پر مہنگائی کیخلاف احتجاج کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے قیادت کو پیغام پہنچایا ہے کہ مہنگائی میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور ایسے حالات میں بطور اپوزیشن جماعت موثر آواز سامنے نہ آنے کی وجہ سے پارٹی کے بارے میں منفی رائے قائم ہوسکتی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں او رمہنگائی کیخلاف فوری طور پر احتجاج شروع کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے قیادت پارٹی عہدیداران کو باضابطہ ہدایات جاری کرے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے موجودہ حالات خصوصاً مہنگائی کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول