حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کے ورثاسے کھلواڑ کررہی ہے،لاہورہائیکورٹ ،سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی

حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کے ورثاسے کھلواڑ کررہی ہے،لاہورہائیکورٹ ...
حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کے ورثاسے کھلواڑ کررہی ہے،لاہورہائیکورٹ ،سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی،عدالت نے حکومت پنجاب کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر چیف سیکرٹری کوتمام متعلقہ افسران سمیت طلب کرلیا،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کے ورثاسے حکومت کھلواڑ کررہی ہے،لگتا ہے حکومت اس کیس کی کارروائی میں سنجیدہ ہی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی،درخواستگزاروں کی جانب سے موقف اختیارکیاگیاہے کہ نئے جے آئی ٹی کی تشکیل غیرقانونی ہے ۔حکومت کی جانب سے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے سمری عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوَن کے مجرموں کا فیصلہ تو بعد میں ہو گا، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کے ورثاسے حکومت کھلواڑ کررہی ہے،لگتا ہے حکومت اس کیس کی کارروائی میں سنجیدہ ہی نہیں ،عدالت نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کاپہلا کیس ہے جس میں ملزمان فیصلہ چاہتے ہیں حکومت کو دلچسپی نہیں ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ پہلی جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ہے، جسٹس قاسم خان نے کہا کہ آپ کی پیش کی گئی رپورٹ مصدقہ نہیں ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اتنا بے بس ہو گیا ہے اللہ ہی مہربانی کرے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی مصدقہ کاپی پیش کر دیتے ہیں،جسٹس قاسم خان نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ حکومت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس سے کوئی تعاون نہیں کر رہی؟

عدالت نے نئے جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی،عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو تمام متعلقہ افسران سمیت طلب کر لیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام جے آئی ٹی رپورٹس اور متعلقہ دستاویزات بھی طلب کر لیں،عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو 10 فروری کو طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور