بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کیلئے کیا کرنا ہو گا؟ مصباح الحق نے بتا دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی کیلئے اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بنگال ٹائیگرز لیگ کھیل کر آرہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پلیئرز فارم میں ہوں گے، سیریز کے دوران پاکستان یا بنگلہ دیش میں سے کسی بھی ٹیم کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے اچھے مقابلے ہوں گے جبکہ مہمان سائیڈ کے خلاف کامیابی کیلئے گرین شرٹس کو اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ایک سوال پر چیف کوچ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیلئے بھر پور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اتوار کو بھی پریکٹس کے بعد ٹارگٹ میچز کھلائے گئے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ تینوں شعبوں میں مہارت کا جائزہ لیا گیا۔چیف کوچ نے واضح کیا کہ بنگال ٹائیگرز کے خلاف فتح کو یقینی بنانے کیلئے قومی کرکٹرز کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھانا ہوگی۔