ڈیٹنگ موبائل ایپ سے ہزاروں صارفین کی تصاویر چوری، ان تصاویر کے ساتھ کیا کیا جائے گا؟ جان کر ہی ہر کوئی گھبرا جائے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ڈیٹنگ ایپلی کیشن ’ٹنڈر‘ سے ہیکرز نے 70ہزار سے زائد صارفین کی تصاویر اور دیگر معلومات چوری کر لی ہیں، جنہیں ایسے کام میں استعمال کئے جانے کا خدشہ ہے کہ سن کر ہی آدمی گھبرا جائے۔ میل آن لائن کے مطابق سائبر سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹنڈر سے چوری ہونے والی تصاویر اور شخصی معلومات سائبر کرائم ویب سائٹس پر پوسٹ کر دی گئی ہیں اور ان سے ممکنہ طور پر جعلی پروفائلز بنا کر ان سے فراڈ کیے جائیں گے۔
یہ ہولناک انکشاف سائبر سکیورٹی فرم ’وائٹ اوپس‘ کے ماہرین نے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ہیکرز نے زیادہ تر خواتین کے اکاﺅنٹس کو نشانہ بنایا ہے اور ان کی تصاویر، نام اور دیگر معلومات چوری کی ہیں۔ جرائم پیشہ لوگ ان تصاویر اور معلومات کو بروئے کار لاتے ہوئے ان ٹنڈرصارفین کی شناخت سے سوشل میڈیا پروفائلز بنائیں گے اورا ن کے ذریعے مختلف نوعیت کے جرائم کا ارتکاب کریں گے۔ان میں سے ایک جرم یہ ہو سکتا ہے کہ ان خواتین کے نام سے جعلی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس بنا کر مردوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر انہیں لوٹا جائے گا۔“