پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی نئی عمارت کا افتتاح

پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی نئی عمارت کا افتتاح
پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی نئی عمارت کا افتتاح

  



دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر شیخ احمد بن صقر القاسمی، شیخ منظر محمد بن قصر القاسمی اور پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل احمد امجد علی موجود تھے۔ پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر متذکرہ شیوخ نے پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ سنٹر پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے ممدومعاون ثابت ہوگا۔

افتتاح کے موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند، پاسپورٹ قونصلر عبدالوہاب شیخ، ویلفیئر قونصلر صولت ثاقب، ویزا قونصلر خرم شہزاد، سید مصور عباس شاہ اور پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کی ایگزیکٹو باڈی کے ارکان بھی موجود تھے جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے انجینئر محمد جاوید، سرفراز چیمہ، انعام الحق، نادر خان، مرزا نعیم، مرزا غلام صفدر، مرزا محمد ندیم کے علاوہ متعدد لوگوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر قونصل جنرل نے کہا کہ راس الخیمہ کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایسی جگہ کی اشد ضرورت تھی جہاں وہ آپس میں مل کر بیٹھ سکیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرسکیں۔ پاکستان سوشل سنٹر راس الخیمہ کے قیام سے یہ مقصد پورا ہوگیا ہے۔ اب یہاں پاکستانی کمیونٹی باہمی تعاون سے اپنے مسائل کریں گے اور پاکستان کے قومی تہوار منائیں گے۔

اس موقع پر قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا کہ ہر جمعرات اور جمعہ کو پاکستانی قونصلیٹ دبئی کا سٹاف یہاں آکر قونصلیٹ کی تمام سروسز مہیا کرے گا تاکہ راس الخیمہ اور قرب و جوار کے علاوہ میں موجود پاکستانیوں کو دبئی نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ کی طرف سے پاکستان سوشل سنٹر شارجہ راس الخیمہ کو ہر طرح کا تعاون حاصل ہوگا۔ سنٹر کے افتتاح پر قونصل جنرل نے بھی سنٹر کی ایگزیکٹو باڈی کے ارکان اور پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔

مزید : عرب دنیا