’13 سال کی تھی تو گھر میں ہی میرا ریپ کرنے کی کوشش کی گئی‘گوویندا کی بھانجی اور معروف اداکارہ کا افسوسناک انکشاف

’13 سال کی تھی تو گھر میں ہی میرا ریپ کرنے کی کوشش کی گئی‘گوویندا کی بھانجی ...
’13 سال کی تھی تو گھر میں ہی میرا ریپ کرنے کی کوشش کی گئی‘گوویندا کی بھانجی اور معروف اداکارہ کا افسوسناک انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار گوویندا کی بھانجی اور کامیڈین کرشنا ابھیشیک کی چھوٹی بہن اداکارہ آرتی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ 13 برس کی عمر میں ان کا ان کے اپنے ہی گھر میں ریپ کرنے کی کوشش کی گئی۔
35 سالہ آرتی سنگھ متنازعہ ٹی وی شو بگ باس کے 13 ویں سیزن کا حصہ ہیں، کچھ روز پہلے اداکارہ دپیکا پڈکون نے اپنی فلم ’چھپاک‘ کی تشہیر کیلئے بگ باس کے گھر کا دورہ کیا۔ یہ فلم تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین پر بنائی گئی ہے، دپیکا پڈکون نے بگ باس کے گھر میں موجود شرکا سے فرمائش کی کہ وہ خود کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعات کا ذکر کریں۔
اداکارہ آرتی سنگھ نے اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ’ بگ باس کے گھر میں مجھے ڈھائی مہینے کے بعد پینک اٹیک آئے تھے اور جب میں 13 سال کی تھی وہاں سے مجھے پینک اٹیک شروع ہوئے تھے، مجھے ڈیڑھ مہینے تک پینک اٹیک آتے تھے، لوگ سمجھتے ہیں کہ مجھے ڈپریشن ہے ، میں ڈپریشن سے بھی گزری ہوں ۔ پتا نہیں کسی لڑکے نے چھوڑ دیا ہوگا تو ہی وہ ڈپریشن ہوتا ہے، ایسا کچھ نہیں ہوتا ہے، جب میں 13 سال کی تھی تب میرے ساتھ ، گھر میں بند کرکے ریپ کی کوشش کی گئی تھی، میرے ساتھ یہ گھر کے ملازم نے ہی کیا تھا اور میں یہ بات کھل کر بتانا چاہتی ہوں۔‘
آرتی سنگھ نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد سے وہ آج بھی اکیلی نہیں سو پاتیں اور انہیں برے سپنے آتے ہیں، وہ سونے سے پہلے یہ تسلی بھی کرتی ہیں کہ کمری کی کنڈی اچھی طرح لگالیں۔
اداکارہ جب یہ واقعہ سنا رہی تھیں تو وہ کانپنے لگیں، آرتی سنگھ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’ ابھی بھی میرے ہاتھ کانپ رہے ہیں، میں یہ بات شیئر کرنا چاہتی تھی کیونکہ ہم جس پلیٹ فارم پر ہیں ہمیں لاکھوں لڑکیاں دیکھ رہی ہوں گی، بہت ساری بچیاں ہیں جو اس بات کو کھل کر بتا نہیں پاتیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔‘
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آرتی سنگھ نے کہا کہ ان دنوں وہ لکھنو میں رہتے تھے، وہاں لوگ دوپہر میں 3 بجے تک سوتے ہیں، اس روز بھی وہ اپنے کمرے میں سو رہی تھیں جب گھر کے نوکر نے ان کا ریپ کرنے کی کوشش کی۔ ’ میں نے ریپ سے بچنے کی پوری کوشش کی، میں روئی، چلائی اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے، کسی طرح میں اس کے چنگل سے بچ نکلی اور سیکنڈ فلور سے نیچے چھلانگ لگادی، اس دن مجھے اپنی طاقت کا اندازہ ہوا، اس دن سے میں خود کو خدا کا بچہ سمجھتی ہوں۔‘
آرتی سنگھ نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد پورا سال انہیں نفسیاتی دورے پڑتے رہے اور وہ خود کو قصور وار سمجھتی رہیں، آخر کار ان کی والدہ اور بھائی نے انہیں اس صورتحال سے نکالنے میں مدد کی لیکن انہیں مکمل ٹھیک ہونے میں کئی سال لگ گئے لیکن اس واقعے کے اثرات آج بھی برقرار ہیں۔

مزید :

تفریح -