”فخر زمان سب بلے بازوں سے زیادہ خطرناک کھیلتا ہے اور۔۔۔“ انضمام الحق نے پاکستانیوں کے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فخر زمان کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کئے گئے تمام بلے بازوں سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ فخر زمان تینوں طرز کی کرکٹ میں قومی سکواڈ میں شامل کئے گئے بلے بازوں سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔ میں جانتا ہوں کہ گزشتہ کچھ میچوں میں اس کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن یہ ذہن میں رکھتے ہوئے کہ اس کے کھیلنے کا اندازہ دیگر کھلاڑیوں سے مختلف ہے، اسے دوبارہ اعتماد دیا جانا چاہئے تھا۔
ان کا مزید کہا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہئے، میرا خیال ہے کہ اگر وہ تین مرحلوں کی بجائے ایک ہی مرحلے میں مکمل سیریز کھیلتے تو بہتر ہوتا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے جذباتی مداحوں کے باعث انہیں بہت لطف آئے گا۔