حارث رﺅف نے ٹی 20 سکواڈ میں شمولیت کیساتھ محمد عامر اور وہاب ریاض کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

حارث رﺅف نے ٹی 20 سکواڈ میں شمولیت کیساتھ محمد عامر اور وہاب ریاض کیلئے خطرے ...
حارث رﺅف نے ٹی 20 سکواڈ میں شمولیت کیساتھ محمد عامر اور وہاب ریاض کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں عمدہ کارکردگی سے دنیا بھر میں نام پیدا کرنے والے حارث رﺅف نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شمولیت کیساتھ ہی اگلا ہدف بھی بتا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حارث رﺅف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کر کے ورلڈ ٹی 20 تک ٹیم میں سلیکشن برقرار رکھنا میرا اگلا ہدف ہے۔ آسٹریلیا سے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رﺅف نے کہا کہ میری تمام تر توجہ ورلڈکپ پر ہے اور کوشش کروں گا کہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کا حصہ بن کر بہترین کارکردگی دکھاﺅں۔
ان کا کہنا تھا کہ لیگ کھیلنے اور ملک کیلئے ایکشن میں دکھائی دینے کے الگ، الگ جذبات ہوتے ہیں،خوش ہوں کہ قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب رہا ہوں، اب میری کوشش ہو گی کہ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں اپنی طرف سے بیسٹ پرفارمنس کا مظاہرہ کروں۔ایک سوال پر حارث رؤف نے کہا کہ بگ بیش میں میری ٹیم اگلے راؤنڈ تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہے، بنگال ٹائیگرزکیخلاف سیریزکے میچزکھیلنے کے بعد دوبارہ بگ بیش میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کروں گا۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بھی ٹرائلزکے ذریعے لاہور قلندرز کا حصہ بنا اور اپنی کارکردگی سے بگ بیش کے بعد قومی ٹیم کا بھی حصہ بننے میں کامیاب رہا ، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ بھی ٹرائلز کے ذریعے ترقی کی منازل طے کریں۔حارث رؤف نے کہا کہ اپنے پرستاروں کو یہی کہوں گا کہ جس طرح انہوں نے لاہور قلندرز کی ٹیم کو سپورٹ کیا، اسی طرح سپورٹ کرنے کا سلسلہ آگے بھی جاری رکھیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو ٹی 20 سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کی بجائے نوجوان باﺅلرز پر ہی انحصار کیا جائے گا۔ ماہرین کرکٹ کا خیال ہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ورلڈکپ پلان کا حصہ ضرور ہو ں گے کیونکہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلرز  کی جانب سے غیر متاثرکن کارکردگی کے نتیجے میں ان کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات خاصے روشن ہیں تاہم ورلڈ ٹی 20 سے پہلے تک منتخب ہونے والے نوجوان باﺅلرز نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا تو کوئی بعید نہیں کہ سینئر فاسٹ باﺅلرز محمد عامر اور وہاب ریاض ورلڈکپ کیلئے سکواڈ میں بھی جگہ نہ بنا سکیں۔

مزید :

کھیل -