’ہمارا گاﺅں یہیں ہے ، بہت عرصے سے آنے کا پلان بنا رہے تھے‘پاکستان آنے والے گپی گریوال مہمان نوازی کے گرویدہ ہوگئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کی جنم بھومی پر آنے والے انڈین پنجابی فلموں کے اداکار گپی گریوال کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے اپنا گرویدہ کرلیا۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار گپی گریوال نے بتایا کہ ان کا بہت عرصے سے پاکستان آنے کا پلان تھا لیکن ان کا بلاوا نہیں آیا تھا، اب انہیں بابا جی نے بلایا ہے تو وہ بابا جی کے گھر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں جس سے بھی ملے ہیں انہیں بہت پیار محبت ملا ہے ، سب اپنے ہی لوگ ہیں۔زلفی بخاری کا بہت زیادہ شکر گزار ہوں کیونکہ انہوں نے ہی یہ سب انتظامات کیے ہیں۔
گپی گریوال نے کہا کہ ان کا گاﺅں یہیں پاکستان میں ہے اور وہ وہاں بھی جانا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ اداکار گپی گریوال پیر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے جہاں سے انہیں ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان اور کرتار پور صاحب لے جایا گیا۔