پاکستان کے چھوٹے تاجروں نے مشکل وقت میں میری مدد کی ، وزیر اعظم عمران خان

پاکستان کے چھوٹے تاجروں نے مشکل وقت میں میری مدد کی ، وزیر اعظم عمران خان
پاکستان کے چھوٹے تاجروں نے مشکل وقت میں میری مدد کی ، وزیر اعظم عمران خان

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کے چھوٹے تاجر وں نے مشکل وقت میں میری مدد کی تھی،سابق ادوارمیں ٹیکس کاپیسہ ایسے استعمال کیاگیاجیسے ملک میں تیل کے ذخائرہوں۔

اسلام آباد میں تاجروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے تاجر وں نے مشکل وقت میں میری مدد کی تھی ۔سکول کے بچوں نے بھی شوکت خانم کیلئے فنڈاکٹھے کرنے میں میری مدد کی، تاجرملک کا محب وطن طبقہ ہے، تاجر ٹیکس دینے میں بہت پیچھے تھے ،معاشی ٹیم اورتاجروں کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے ٹیکسوں پر شاہانہ زندگی گزاریں گے توکون ٹیکس دے گا؟ سابق ادوارمیں ٹیکس کاپیسہ ایسے استعمال کیاگیاجیسے ملک میں تیل کے ذخائرہوں۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بیرون ملک جائیدادیں خریدی گئیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے جوتنخواہ ملتی ہے اس سے میرے گھر کے خرچے پورے نہیں ہوتے، میں نے گھرکی سڑک اپنے پیسے سے بنائی ہے ۔میں نے اپنے رشتہ داروں کیلئے فیکٹریاں نہیں بنائیں، میرا کوئی کیمپ آفس نہیں،گھرکا خرچہ خودچلاتاہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس نہیں دیں گے توملک کیسے ترقی کرے گا؟پاکستان کاشماردنیاکے کم ترین ٹیکس دینے والے ممالک میں ہوتاہے۔اپنے پاوں پرکھڑے نہیں ہوں گے توسبزپاسپورٹ کی عزت نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حساس پروگرام کے لیے 190 ارب رکھے،ہم نے بچوں کوتعلیم اورصاف پانی دینا ہے،ہم نے اپنی تاجربرادری کی مدد کرنے کی پوری کوشش کی ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کونقصان ہوا۔ کمزورطبقے کو اوپراٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تاجربرادری کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، جتنی تجارت بڑھے گی اتناہی ملک خوشحال ہوگا،ہم نے جواقدامات اٹھائے ہیں اس سے مہنگائی کم ہوگی ۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ اگلے سال تک ہماری کوشش ہے کہ تیزی سے آگے جائیں اور کاروباری افراد کیلئے آسانیا ں پیدا کریں ، جتنا کاروبارآسان ہوگا اتنی ہی ہمارے ہاں دولت بڑھے گی اورجتنی دولت بڑھے گی اس سے ہم اپنے کمزور طبقے کو اوپر اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جب خسارہ ہوجاتاہے تو روپیہ گرتاہے جس سے باہر سے آنیوالی چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں۔ میں نے جو آج قدم اٹھائے ہیں ، اس سے مہنگائی نیچے آئیگی ،کھاد کی قیمت پر چار سو روپے کی کمی سے بھی کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں فرق پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ آسان اور مشکل وقت قوموں پر آتے ہیں ۔ یہ کبھی نہیں ہوتا کہ کوئی قوم سیدھی جائے ، ملائیشیا کو بھی وہی مسئلے درپیش ہیں جوہم کو آرہے ہیں، اس سے قوم نکل جاتی ہے لیکن اس سے قوم اس وقت نکلتی ہے جب قوم حکومت کے ساتھ مل کر آگے بڑھے ، اکیلی حکومت کچھ نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار قوم کی دنیا میں عزت ہوتی ہے ، ایک مقروض قوم کو اپنے پاسپورٹ کی دنیا میں عزت کروانے کیلئے مشکل پیش آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقات نچلے طبقے کواوپراٹھانے کیلئے ہماری مددکریں ۔ وزیر اعظم کا کہناتھا کہ ہم سب ملک کیلئے کوشش کررہے ہیں ، کاروباری طبقے کی مشکلات کم کی جائیں گی ، معاشی ٹیم اور تاجروں کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے جب تاجر اوپرجاتے ہیں توپاکستان اوپر جاتاہے ۔

مزید : اہم خبریں /قومی