جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی سکواڈ کراچی پہنچ گیا

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی سکواڈ کراچی پہنچ گیا
جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی سکواڈ کراچی پہنچ گیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی سکواڈ کراچی پہنچ گیا ہے جہاں کورونا ٹیسٹنگ کیلئے تمام کھلاڑیوں کے سیمپل حاصل کر لئے گئے ہیں اور کھلاڑی آج آرام کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستانی سکواڈ لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ کراچی پہنچا، کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف ارکان و اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ سمیت 50 افراد نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمع ہونے کے بعد سہ پہر کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شہر قائد کیلئے اڑان بھری، ان میں دیگر شہروں سے پیر کو لاہور پہنچنے والے کرکٹرز بھی شامل تھے۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے دو کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی پہنچے،گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، کراچی میں موجود کھلاڑی، سپورٹ سٹاف ارکان اہل خانہ کے ہمراہ ہوٹل پہنچے، یہ تمام افراد اپنے شہروں میں دو کورونا ٹیسٹ کلیئر کرانے کے بعد سکواڈ کا حصہ بنے تھے جبکہ سفر کے دوران راستے میں بھی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے کسی نے ماسک اتارنے کی غلطی نہیں کی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیلئے سفر کے دوران پاکستانی کرکٹرز کے وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، کراچی آمد کے بعد تمام کھلاڑیوں کے دوبارہ سیمپلز حاصل کر لئے گئے ہیں اور کھلاڑی آج آرام کریں گے جو رپورٹس منفی آنے کے بعد جمعرات سے پریکٹس کا آغاز کریں گے۔ 

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں منتخب 20پلیئرزمیں سے چار کو ڈراپ ہونا پڑے گا اور کئی نئے چہرے شامل کئے جانے کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو بہتر کمبی نیشن بنانے کیلئے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ 

مزید :

کھیل -