جوبائیڈن کے صدر بنتے ہی ٹوئٹر پر بھی بڑی تبدیلی آگئی، ٹرمپ کو پھر جھٹکا لگ گیا

جوبائیڈن کے صدر بنتے ہی ٹوئٹر پر بھی بڑی تبدیلی آگئی، ٹرمپ کو پھر جھٹکا لگ ...
جوبائیڈن کے صدر بنتے ہی ٹوئٹر پر بھی بڑی تبدیلی آگئی، ٹرمپ کو پھر جھٹکا لگ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) جوبائیڈن کے امریکہ کا 46 واں صدر بنتے ہی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئٹر کی سہولت سے مکمل طور پر محروم ہوگئے، ٹرمپ کا سرکاری ٹوئٹر ہینڈل نئے صدر کو منتقل کرکے ان کے پرانے ہینڈل کو آرکائیو کردیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ٹوئٹر انتظامیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے اس کا توڑ یہ نکالا کہ امریکی صدر کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل ’ @POTUS ‘ سے ٹویٹ کرکے ٹوئٹر کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس آج (بدھ) کے دن تک یہ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ موجود تھا لیکن جیسے ہی جوبائیڈن نے حلف اٹھایا تو اس کے ساتھ ہی وہ اس سہولت سے بھی محروم ہوگئے۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے ٹرمپ کے زیر استعمال سرکاری ہینڈل کو بند کرکے ’@POTUS‘ کے اس کے حقوق جوبائیڈن کو تفویض کردیے ہیں۔

ٹوئٹر پر اگر کوئی سرچ کے آپشن میں مذکورہ  بالا ٹوئٹر ہینڈل سرچ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے سامنے ٹرمپ اور جوبائیڈن کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ظاہر ہوتے ہیں لیکن ان میں سے کسی پر بھی کلک کریں تو آگے سے اکاؤنٹ جوبائیڈن کا ہی کھلتا ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے جوبائیڈن کے اکاؤنٹ @PresElectBiden کو ہی تبدیل کرکے @POTUS  کیا گیا ہے۔ یہ اکاؤنٹ کچھ روز پہلے ہی بنایا گیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ ’POTUS45‘ کے نام سے آرکائیو کردیا ہے۔ اس سے قبل باراک اوبامہ کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھی ’POTUS44‘ کے نام سے آرکائیو کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ خاتون اول کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل ’FLOTUS‘ پر بھی اسی قسم کی تبدیلی آئی ہے اور وہاں بھی یہی کہانی دہرائی گئی ہے۔ فلوٹس کا یہ ہینڈل اب جوبائیڈن کی اہلیہ جِل بائیڈن کو دے دیا گیا ہے جبکہ میلانیا ٹرمپ کے زیر استعمال ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ’FLOTUS45‘ کے نام سے آرکائیو کردیا گیا ہے۔

نائب صدر مائیک پنس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ آرکائیو کرکے نومنتخب نائب صدر کاملہ ہیرس کو نیا ٹوئٹر ہیںڈل دے دیا گیا ہے۔ مائیک پینس کی اہلیہ کیرن پینس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ’ @SecondLady45 ‘ کے نام سے آرکائیو ہوا ہے۔ ان کی جگہ کاملہ ہیرس کے شوہر ڈگلس ایمہوف نے لی ہے اور ان کا نیا ٹوئٹر ہینڈل ’ @SecondGentleman ‘ ہوگا۔

دوسری جانب فیس بک نے اپنی پرانی پالیسی برقرار رکھی ہے اور پرانی انتظامیہ کے تمام سرکاری اکاؤنٹس نئی انتظامیہ کو منتقل کردیے ہیں۔