"آزاد کشمیر حکومت کی پرفارمنس آئندہ انتخابات پر اثرانداز ہو گی " سردارتنویر الیاس نےکشمیریوں کے دل جیت لئے

"آزاد کشمیر حکومت کی پرفارمنس آئندہ انتخابات پر اثرانداز ہو گی " سردارتنویر ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزادجموں وکشمیر کے صدر اورموسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی پرفارمنس آئندہ انتخابات پر اثرانداز ہو گی،آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت متحد ہو کر آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کا سوچے،تھوڑی محنت سے آزاد کشمیر کوتعمیر و ترقی کا محور بنایا جا سکتا ہے،سیاحت کی ترقی کیلئےٹورازم اتھارٹی قائم کررہےہیں جسکی منظوری کابینہ کے اگلے اجلاس میں لی جائے گی،عوام کو ناقص اشیاء خورونوش سے بچانے کیلئے فوڈ اتھارٹی بھی قائم کریں گے، آزاد کشمیر میں کمپنیوں کی باقاعدہ رجسٹریشن ہونی چاہیے،بلڈنگ کوڈز بنائے جائیں،بغیر اجازت کنسٹرکشن پر پابندی لگنی چاہیے تاکہ دو نمبر تعمیرات کو روکا جا سکے  ،اس سے وقتی طور پر عام لوگوں کو پریشانی ہو گی لیکن اسکے بغیر کام نہیں بنے گا۔

 اپنی رہائش گاہ پر وزیر حکومت چوہدری مقبول سے گفتگو کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت ابھی آئی ہے جس سے لوگوں کی بڑی توقعات ہیں، لوگوں نے ہمیں ووٹ عمران خان کے نظریات کی وجہ سے د یے ہیں، آزاد کشمیر کے لوگ بھی روایتی سیاست سے تنگ ہیں،لوگ تبدیلی چاہتے ہیں لہذا اب صرف کشمیر کا نام بیچنے سے بات نہیں بنے گی، مسئلہ کشمیر کوئی زمینی تنازعہ نہیں بلکہ  دو کروڑ لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے اور اسکے سارے راستے پاکستان سے جڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے میں گندگی سے تمام ندی نالے بند ہو رہےہیں، اس بارے لوگوں کو ایجوکیٹ کریں کہ قدرتی حسن کو بچائیں،اسکے لیے حکومتی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے،یورپ سمیت تمام ترقی یافتہ ممالک میں ایسے ہی ہوتا ہے،المیہ ہے کہ آزاد کشمیر میں جنگلات کاٹ کر ہم تباہی کی جانب جا رہے ہیں،ہمیں مقامی طور پر قدرتی وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے،جنگلات، دریا، جڑی بوٹیاں، فشریز سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کا موازنہ مقبوضہ کشمیر سے کریں تو وہاں جنگ و جدل ہے، وہاں مائیں اپنے بیٹوں کا نام برہان رکھنا چاہتی ہیں  لیکن حریت کبھی نہیں ختم ہوتی، آزاد کشمیر کے سارے قائدین ملکر خطے  کی تعمیر و ترقی کا سوچیں، تھوڑی محنت سے اسے تعمیر و ترقی کا حب بنایا جا سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کو پانچ سو ارب کا پیکج محض ہوائی اعلان نہیں ، گلگت میں تین سو ستر ارب دیا جا سکتا ہے تو ہمیں اس سے بھی زیادہ دیا جائے گا، آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی پراجیکٹ شروع ہونگے جن سے ہمیں خطیر وسائل حاصل ہوں گے،ہمیں بس کرپشن روکنا ہو گی جس سے بڑے پیمانے پر وسائل حاصل ہو جائیں گے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ المیہ ہے کہ ہمارے ہاں لوگوں کو جعلی اور دو نمبر اشیا مہیا کی جا رہی ہیں،ہمارے ہاں بڑے بڑے برینڈز کی جعلی فیکٹریاں لگی ہوئی ہیں، میں نے اس دونمبری کو روکنے کیلئے ہمیشہ فوڈ اتھارٹی پر زیادہ زور دیا، ایک وقت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی میرے کنٹرول میں رہی، میں نے وہاں بھی کردار ادا کیا،اب میری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر میں اپنے حصے کا رول اداکروں۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بیانات کے ذریعہ  سب نے دودھ اور شہد کی نہریں بہائیں ، بیرون ملک جاکر بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں،میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہاں ان لوگوں کو کوئی نامی گرامی شخص نہیں ملتا، عام گوروں سے ملکر فوٹو کھنچوانے ہیں، ہمارے لوگ سالوں سے باہر ہیں، ہم انکے لیے یہاں مستقبل نہیں بنا سکے، انسانیت اور حیوانیت میں فرق ایک دوسرے کے کام آنے کا ہے۔ تنویر الیاس خان نے کہا کہ المیہ ہے کہ آزاد کشمیر میں کوئی ماڈل ہسپتال نہیں، وہاں سے لوگ اسلام آباد پمز اور ہولی فیملی آنے پر مجبور ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عام لوگوں کیلئے جو کر سکیں وہ کریں۔

سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ کونسل سید ریاض حسین جعفری کے بھائی سید ایاز جعفری کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی کامل مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -