سکینڈی نیویا میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا
کوپن ہیگن (حافظ محمد عمران ) سکینڈی نیویا کے ممالک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا۔ ڈنمارک میں ایک ہی دن میں کورونا کے 28 ہزار سے زائد جب کہ ناروے میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈنمارک کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 28 ہزار 780 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اب تک ایک ہی دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
دوسری جانب ناروے میں ایک دن میں 10 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ کے جائزہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ناروے میں کورونا کے 11 ہزار 31 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ یہ ایک ہفتہ پہلے کے اسی دن کے مقابلے میں 4,491 زیادہ کیسز ہیں۔ناروے میں پچھلے سات دنوں میں اوسطاً روزانہ 10,359 کووِڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ناروے کے اعدادوشمار کے مطابق ناروے میں کل 523,424 افراد کووِڈ 19 سے متاثر ہوئے ہیں۔ مارچ 2020 سے اب تک تقریباً 53 لاکھ آبادی والے ملک میں کورونا سے 1382 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سویڈن اور یورپ کے بہت سے ممالک کے مقابلے میں ناروے میں کورونا وبا کے دوران اموات کم ہوئی ہیں۔ ناروے میں اب تک اموات کی شرح ایک لاکھ باشندوں میں 25 جبکہ سویڈن میں 150 ہے۔