محکمہ لیبرکے افسران کو ترقیاتی پروگرام پر ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

محکمہ لیبرکے افسران کو ترقیاتی پروگرام پر ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان اور سیکرٹری لیبر ڈاکٹر سہیل شہزاد کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد سیکرٹری لیبر کے آفس میں ہوا جس میں صوبائی وزیر نے افسران کو سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام کو بروقت مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ سیکرٹری لیبر نے تعمیر کے بعد سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں تمام عملہ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طبی آلات کی خریداری اور عملہ کی بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عنصر مجید نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال ملت ٹاؤن فیصل آباد 20 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا ہے جس کا آئندہ ماہ باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
 انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 100 سے بڑھا کر 150 کر دی گئی ہے۔سوشل سکیورٹی ہسپتال تونسہ اپریل 2022 میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تونسہ میں سوشل سکیورٹی ہسپتال کے کینسر وارڈ کی تعمیر کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان میں کارڈیالوجی بلاک کی تعمیل مکمل کیا جا چکا ہے جس میں عملہ کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال قصور اور رحیم یار خان میں سوشل سکیورٹی ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔ کمشنر سوشل سکیورٹی سید بلال حیدر، ڈپٹی سیکرٹری راؤزاہد، بلال الیاس سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔