قومی اسمبلی،کورم پورا کرنا حکومت کیلئے درد سر،ایک اور اجلاس ادھورا رہ گیا
اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنا حکومت کیلئے درد سر بن گیا، ایک اور اجلاس کورم کی نذر ہوگیا،مسلم لیگ(ن) کے رکن ریاض الحق نے کورم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ میں بطور احتجاج ساڑھے تین سالوں سے ساہیوال ڈویژن کے دس ممبران کی حق تلفی پرکورم کی نشاندہی کر رہاہوں، کورم کی نشاندہی کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر نکل گئے،کورم پورا نہ ہونے پر سپیکرنے اجلاس کی کاروائی (کل)جمعہ تک ملتوی کر دی۔ وزارت صنعت وپیداوار نے تحریری جواب میں موجودہ دور حکومت میں سیمنٹ کی قیمتوں میں ساڑھے 26فیصد اضافے کا اعتراف کرلیا جبکہ وزارت صحت نے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ گزشتہ دس مہینوں میں پاکستان میں کسی علاقہ سے وائلڈ پولیو وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے آغاز پر سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا تومسلم لیگ(ن) کے رکن ریاض الحق نے کورم کی نشاندہی کردی اور کہا کہ میں بطور احتجاج ساڑھے تین سالوں سے ساہیوال ڈویژن کے دس ممبران کی حق تلفی پرکورم کی نشاندہی کر رہاہوں، کورم کی نشاندہی کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر نکل گئے سپیکر نے گنتی کرائی، کورم پورا نہ ہونے پراجلاس کی کاروائی جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔
قومی اسمبلی