خیبر پختونخوا کے سرکاری وفد کا گزشتہ دنوں ایکسپو2020 دبئی کا دورہ ، مختلف ترقیاتی معاہدوں پر بھی دستخط

خیبر پختونخوا کے سرکاری وفد کا گزشتہ دنوں ایکسپو2020 دبئی کا دورہ ، مختلف ...
 خیبر پختونخوا کے سرکاری وفد کا گزشتہ دنوں ایکسپو2020 دبئی کا دورہ ، مختلف ترقیاتی معاہدوں پر بھی دستخط

  

دبئی(طاہر منیر طاہر)   حکومت خیبر پختونخوا کے ایک سرکاری وفد نے گزشتہ دنوں ایکسپو2020 دبئی کا دورہ کیا اوروہاں  پاکستان پویلین کا تفصیلی وزٹ کیا، وفد میں ہیلتھ اینڈ فنانس منسٹر تیمور سلیم خان جھگڑا کے علاوہ دیگر سرکاری اہلکار شامل تھے، اس موقع پر وفد نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کئے اور خیبر پختونخواہ میں انویسٹمنٹ کے لئے امارات میں مقیم پاکستانیوں کو راغب کیا، ایکسپو2020کے وزٹ کے بعد ابو ظہبی چیمبر آف کامرس کے ممبر اور ابراہیمی گروپ کے چیئر مین خان زمان سرور نے تیمور سلیم خان جھگڑا کے اعزاز میں ایک خصوصی ڈنر کا اہتمام کیا جس میں امارات بھر سے لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا.

ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ موجودہ حکومت عمران خان  کی قیادت میں ملکی مفاد اور ترقی کیلئے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے، بہت سے ایسے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے ثمرات بہت جلد آنا شروع ہو جائیں گے ملک بھر میں تعلیم اور صحت جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے عام شہری کو فائدہ ملے گا، ملک میں صحت اور تعلیم کا معیار بلند کرنے کیلئے جو منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان کے ثمرات بہت جلد عوام پر ظاہر ہونگے، ملک میں مختلف قسم کی صنعتوں کے فروغ کیلئے صنعت کار وں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، جبکہ روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بھی عملی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔

وزیر موصوف تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ جیسی ریاست بنانے کا جو خواب دیکھا تھا وہ ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا لیکن اس کے لئے وقت درکار ہے، انہوں نے امارات میں مقیم پاکستانیوں کو کے پی کے میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت بھی دی  اور کہا کہ سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور ان کی ہر لحاظ سے مدد اور معاونت  کی جائے گی، تقریب کے میز بان خان زمان سرور نے اپنی تقریر میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کے پی کے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کی حمایت  کی، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے کے پی کے بہترین جگہ ہے جس سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے، خان زمان سرور نے کہا کہ ہم حکومتی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور حکومتی وفد کو  ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں۔

مزید :

تارکین پاکستان -