انارکلی بازار میں دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب سیف سٹی پہنچ گئے، اہم پیش رفت سامنے آگئی

انارکلی بازار میں دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب سیف سٹی پہنچ گئے، اہم پیش رفت ...
انارکلی بازار میں دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب سیف سٹی پہنچ گئے، اہم پیش رفت سامنے آگئی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) انارکلی دھماکے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع  ہوگیا ہے۔

دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان ،ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر عابد خان کے ہمراہ سیف سٹی آفس پہنچے،جہاں پولیس افسران نے دھماکے کے اردگر موجود سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں فٹ کیا گیا تھا۔دھماکے میں ایک عمارت اور آٹھ موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا،دھماکے میں ایک سے ڈیڑھ کلو مواد استعمال کیا گیا۔دھماکے سے جائے وقوعہ پر گڑھا پڑ گیا۔پولیس اور حساس ادارے واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔سی سی ٹی وی اور سیف سٹی فوٹیجز  سے تحقیقات کا عمل جاری ہے جلد ہی  دہشت گردوں کو ٹریس کرلیا جائے گا۔

سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ آفس میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔صوبے کا امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب پولیس افسوس ناک واقعہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔

مزید برآں آئی جی پنجاب  نے انار کلی دھماکے کے پیش نظر صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ عوامی مقامات پر ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔ بین الصوبائی اور بین الاضلاع چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔

مزید :

قومی -