صحت کارڈ کی آڑ میں بد عنوانی کی انتہاء کی گئی‘ ڈاکٹر نثار

صحت کارڈ کی آڑ میں بد عنوانی کی انتہاء کی گئی‘ ڈاکٹر نثار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) پیپلز ڈاکٹرز فورم کے صوبائی صدر ڈاکٹر نثار نے خیبر پختونخوا کے عوام کو پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نااہلی اور اقرباپروری کی وجہ سے سارا حکومتی وانتظامی نظام مفلوج کردیاتھا۔ ہر ادارے میں من پسند اور چہیتے بٹھادیئے گئے تھے جو صرف پی ٹی آئی کاز کے لیے قومی خزانہ لوٹ رہے تھے۔ ایم ٹی آئی کے نام پر غیرمتعلقہ اور ناتجربہ کار لوگوں کو سربراہ بناکر ہسپتالوں کو قصاب خانے بنادیاگیا۔ بورڈ آف گورنر کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ اسی طرح شوکت خانم ہسپتال کا تمام عملہ محکمہ صحت میں تعینات کرکے عوام کی جان ومال سے کھلواڑ کیاگیا۔ اور محکمے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا۔ انھوں نے مزیدکہاکہ صحت کارڈ کی آڑ میں برعنوانی، اقرباہروری، لوٹ مار اور بے قاعدگیوں کی انتہاکی گئی۔ اور مخصوص لوگوں کو نوازنے کے لیے غریب اور بے کس عوام کو قربانی کا بکرابنایاگیا۔ انھوں نے خیبر پختونخوا کی نئی نگراں حکومت سے پی ٹی آئی دور کے صحت کارڈ جیسے اقدامات فوری طور پر ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ ایم ٹی آئی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی ہر سوالیہ نشان لگ گیاہے اس لیے نگراں حکومت فوری طور پر ایم ٹی آئی کا خاتمہ کراکر ہسپتالوں کا انتظام اہل اور متعلقہ تجربہ کار لوگوں کو حوالے کرے اور محکمہ صحت کو آئندہ کے لیے تجربہ گاہ بننے سے روکنے کے لیے سخت قانون سازی کی جائے۔