فلاح عامہ کے منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیح، پراجیکٹ مقرہ مدت میں مکمل کیے جائیں: محسن نقوی 

  فلاح عامہ کے منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیح، پراجیکٹ مقرہ مدت میں مکمل کیے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            لاہور (جنرل رپورٹر) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی نے ایوان وزیراعلی کا دورہ کیا جہاں محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے وزیراعلی محسن نقوی کی غیر معمولی رفتار سے عوامی منصوبوں کی تکمیل کا اعتراف کیا اور محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں وزیراعلی کی ان تھک محنت نظر آرہی ہے، محسن نقوی اور ان کی ٹیم ہر وقت کام کرتی نظر آتی ہے، پنجاب میں ایک سال کے دوران محسن سپیڈ کی بدولت غیر معمولی ترقی کی نئی مثال قائم ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور سمیت کئی شہر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے باعث پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آ رہے ہیں، پاکستان میں سب کچھ ہے صرف محسن نقوی جیسے مخلص لوگوں اور پلاننگ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے لئے سعودی عرب کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے، سعودی عرب کے بے مثال تعاون پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری،گوجرانوالہ ایکسپریس وے، دودوچھہ ڈیم، جہلم لئلہ روڈاور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب میں عوام کی فلاح کیلئے جاری منصوبوں کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ فلاح عامہ کے منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیح ہے۔ پوری کوشش ہے کہ دن رات محنت کرکے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کو فروری کے آغاز میں ٹریفک کیلئے کھول دیاجائے۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری میگا پراجیکٹ ہے،مقررہ مدت سے قبل کھول کر عوام کوجلد ازجلد آمد ورفت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دودوچھہ ڈیم پراجیکٹ کے حوالے سے فوری اقدامات اور چن دا قلعہ فلائی اوور پراجیکٹ پرجلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے  ہدایت کی کہ چند دا قلعہ فلائی اوور پراجیکٹ کے حوالے سے ٹریفک کے متبادل روٹس کا جائزہ لیا جائے۔ اجلاس میں جہلم لئلہ روڈاورراولپنڈی کے عمار چوک کو کچہری تا سکیم تھری اور جے ایس ہیڈکوارٹر تا کچہری کو سگنل فری پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ مزید بر آں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلیٰ آفس میں سول سروس اکیڈمی کے 50ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف ہر سرکاری افسر کی ترجیحات میں سر فہرست ہونا چاہیے۔ عام آدمی سے ملاقات میں نرمی او رپیار کا رویہ اپنائیں۔ سرکاری افسران کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ غلط کام کبھی نہ کریں،بہتر پبلک ہینڈلنگ سے ہی اچھا نام اور اچھا کیرئیر ملتا ہے اور افسران کوہر ایک سے اچھا تعلق رکھنا چاہیے اوربغیر کسی دباؤ کے فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔ بہترین سروس ڈلیوری سے ترقی کے راستے خود بخو دکھل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقو ں میں تبادلے سے نہ گھبرائیں بلکہ تجربہ حاصل کریں۔

محسن نقوی

مزید :

صفحہ اول -