غلط انتخابی نشانات سے سیاسی پارٹیاؔں اور آزاد امیدوار پریشان 

       غلط انتخابی نشانات سے سیاسی پارٹیاؔں اور آزاد امیدوار پریشان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                 اسلام آباد (این این آئی)عام انتخابات 2024 کے لیے غلط انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ سے سیاسی پارٹیاں اور آزاد امیدواروں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے،دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے بعض حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ روک دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بعد جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار نے بھی غلط نشان کی الاٹمنٹ کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے، الیکشن کمیشن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار کو کتاب کی بجائے ماچس کی ڈبیا کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا ہے،الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے بھی کئی امیدواروں کو تیر کی بجائے کیٹل اور وہیل چیئر جیسے انتخابی نشان الاٹ کر دیے ہیں۔پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شوکت بسرا نے بھی انتخابی نشان کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے بعض حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ روک دی گئی ہے۔نجی ٹی و ی کے مطابق عہدیدار کی جانب سے اس بات کا انکشاف خصوصی گفتگو میں کیا گیا۔اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خبردار کیا تھا کہ انتخابی نشانات میں تبدیلی کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کو روکنے سے انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ عدالتوں میں متعدد مقدمات کے زیر التوا ہونے کی بات کو جواز بتاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی اپنی مقررہ تاریخ پر بھی عمل نہیں کیا تھا۔22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے نظرثانی شدہ پول شیڈول جاری کیاجس کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات کی حتمی الاٹمنٹ کی جانی تھی تاہم انتخابی نشانات کے اجرا ء کی مقررہ تاریخ گزرنے کے کئی روز بعد بھی الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی۔نجی ٹی وی کی جانب سے رابطہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر نے کہا کہ حتمی فہرست آئندہ چند روز میں جاری کر دی جائے گی۔جب پوچھا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن کو قانونی مقدمات کے چیلنجز کا سامنا ہے تو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیسے کی جا رہی ہے تو ایک عہدیدار نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بعض حلقوں کے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی ہے، اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

غلط انتخابی نشانات

مزید :

صفحہ اول -