دھند میں راستے گم، موٹرویز بند، فلائٹ شیڈول بھی متاثر، 12پروازیں منسوخ

    دھند میں راستے گم، موٹرویز بند، فلائٹ شیڈول بھی متاثر، 12پروازیں منسوخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        لاہور (این این آئی) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا،ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور خواتین سمیت 8افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ دھند کے باعث فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے 12پروازیں منسوخ اور 6متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔ترجمان موٹرویز سید عمران احمد کے مطابق دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، موٹرویایم ٹو، ایم تھری، ایم فائیو سمیت ایم الیون بھی دھند کے باعث بند رہی۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔اوکاڑہ میں ٹریفک کے 3مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 8افراد شدید زخمی ہو گئے۔ٹریفک کے تمام حادثات شدید دھند کے باعث پیش آئے، پہلا حادثہ بائی پاس، دوسرا کینٹ کے قریب اور تیسرا حادثہ فیصل آباد روڈ پر ہوا، تینوں واقعات میں بسیں اور ٹرک آپس میں ٹکرائے، ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 8 شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو ٹیموں نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسری جانب پنجاب میں دھند برقرار رہنے کے باعث 12پروازیں منسوخ اور 6کو متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کردیا گیا۔جدہ سے لاہور کے لیے نجی ایئر لائن کی پرواز کو کراچی میں لینڈ کرایا گیا جبکہ دبئی ملتان، دمام اور کویت سٹی سے سیالکوٹ کی 3 پروازوں کی اسلام آباد لینڈنگ ہوئی۔بحرین اور کراچی سے لاہور کی 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد اتارا گیا جبکہ لاہور کراچی پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔سعودی ایئر لائن کی جدہ سے لاہور کے لیے پرواز ایس وی 738 بھی منسوخ کردی گئی جبکہ اسلام آباد کراچی کی نجی ایئر کی دو اور شارجہ کی ایک پرواز منسوخ کی گئی۔ملتان سے جدہ کے لیے نجی ایئر لائن کی دو، کراچی سے دمام اور گوادر کی 3 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ دو روز موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم جنوب مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھائے رہے گی۔ 

دھند

مزید :

صفحہ اول -