پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )کرم کے علاقے بگن میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین کے لئے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہرزمان کے حوالے سے بتایا کہ علاقہ محمد خواجہ میں بگن متاثرین کےلئے عارضی کیمپ قائم کیا جائےگا، سینکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لئے خیمہ بستی قائم کی جائےگی جبکہ کیمپ کے قریب سکول، مساجد، بی ایچ یو اوردیگر سہولیات میسر ہیں۔
ڈی سی کا بتانا ہے کہ پی ڈی ایم اے خیموں سمیت دیگر سامان کے 22 ٹرک فراہم کرے گا، ضلعی انتظامیہ کو 4 ٹرک سامان مل گیا ہے اور آج سے کیمپ کے قیام پر کام شروع کردیا جائے گا۔
ڈی سی ہنگو نے مزید بتایا کہ قیام امن کے لئے نقل مکانی کرنے والے کرم متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لوئر کرم کے علاقے بگن میں کھانے پینے کا سامان لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد حکام نے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف پریشن کا فیصلہ کیا۔