کلکتہ ریپ کیس: عدالت نے ملزم سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنادی

Jan 20, 2025 | 06:03 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کے شہرکلکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور وحشیانہ قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ 18 جنوری کو عدالت نے سابق پولیس رضاکار سنجے رائے کو کیس میں مجرم قرار دیا تھا جس کا فیصلہ آج 20 جنوری کو سنایا گیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیاکہ پیش کئے گئے ثبوتوں سے سنجے رائے پر الزام ثابت ہوتا ہے، عدالت نے سنجے کو سزائے موت دینے کی سی بی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمر قید کا حکم دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مجرم نے عدالت میں جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بےگناہ ہے اور اسے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے جبکہ سی بی آئی نے اس سے کچھ دستاویزات پر زبردستی دستخط بھی کرائے ہیں۔
مقتولہ ڈاکٹر کی والدہ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجرم اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ اور لوگ بھی تھے، ہمیں انتظار ہے کہ باقی لوگ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ملے گی۔
مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ سنجے کو بائیولوجیکل ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے اور دوران سماعت وہ خاموش ہی رہا جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اس جرم میں ملوث ہے تاہم وہ اکیلا نہیں تھا، اس لئے انصاف ابھی مکمل نہیں ہوا، ہم اس کے لئے مزید لڑائی جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش 9 اگست 2024 کو کلکتہ کے سرکاری میڈیکل کالج کی کلاس سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزیدخبریں