فوجی سے شادی طے ہونے کے بعد بریک اپ نہ کرنے پر لڑکی نے بوائے فرینڈ کو زہر دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا

Jan 20, 2025 | 06:40 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست کیرالہ میں 24 سالہ گریشما کو اپنے بوائے فرینڈ شارون راج کے قتل کے الزام میں مقامی عدالت نے سزائے موت سنادی۔  دو سال قبل گریشما نے اپنے 23 سالہ بوائے فرینڈ کو ایک آئرویدک مشروب میں زہر ملا کر پلایا تھا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 2022 میں گریشما نے شارون راج کو ایک جڑی بوٹیوں والے مشروب میں پیراکوئٹ نامی  زہریلا کیمیکل ملا کر پلایا تھا۔ شارون اس مشروب کے بعد گیارہ دن تک شدید علالت کا شکار رہا اور کئی اعضاء کے ناکام ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ گریشما نے یہ قتل اس لیے کیا کیونکہ شارون ان کے تعلقات ختم کرنے پر راضی نہیں تھا جبکہ گریشما کی شادی تمل ناڈو کے ایک فوجی افسر سے طے ہو چکی تھی۔

عدالت نے گریشما کو قتل کے جرم میں مجرم قرار دیا اور اس کے چچا نرملاکمار نائر کو شواہد ضائع کرنے کے الزام میں سزا دی۔ گریشما کی والدہ کو ناکافی ثبوتوں کی بناء پر بری کر دیا گیا۔ عدالت نے مجرم کی کم عمری، تعلیمی کامیابیوں، اور پہلی مرتبہ جرم کرنے جیسے دلائل کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سزائے موت دی گئی ہے۔ گریشما ریاست  کیرالہ میں سزائے موت پانے والی سب سے کم عمر خاتون ہے۔

حکام کے مطابق  گریشما نے اس سے قبل بھی شارون کو زہر دینے کی کوشش کی تھی۔ اس نے پھلوں کے جوس میں پیراسیٹامول گولیاں ملا دی تھیں لیکن شارون نے مشروب کا ذائقہ کڑوا ہونے کی وجہ سے پینے سے انکار کر دیا تھا۔

مزیدخبریں