واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈونلڈ جے ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھارہے ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق 78 سالہ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو اپنی دوسری مدت صدارت کا آغاز کریں گے اور اس عہدے پر فائز ہونے والے سب سے معمر شخص بن جائیں گے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ رخصت ہونے والے صدر جوبائیڈن کے پاس تھا ، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ حلف کے دن کی عمر کے حساب سے ان سے پانچ ماہ بڑے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون 1946 کو کوئنز نیویارک میں پیدا ہوئے۔ وہ دوسری جنگ عظیم کے ختم ہونے کے ایک سال بعد پیدا ہوئے تھے۔ سنہ 2017 میں 70 سال کی عمر میں ٹرمپ نے امریکہ کے 45 ویں صدر کے طور پر حلف لیا تھا اور اس وقت وہ رونالڈ ریگن سے بڑے تھے، جو 1981 میں تقریباً 70 سال کی عمر میں صدر بنے تھے۔
امریکی صدور کی اوسط عمر عہدہ سنبھالتے وقت 57 سال ہے، جس کا آغاز 1789 میں پہلے صدر جارج واشنگٹن سے ہوا تھا، جو اس وقت 57 سال کے تھے۔ امریکی تاریخ میں سب سے کم عمر صدر تھیوڈور روزویلٹ تھے جو 1901 میں صدر ولیم میک کینلی کے قتل کے بعد صرف 42 سال کی عمر میں صدر بنے تھے۔