طلال چودھری کا بیان حقائق سے زیادہ سیاسی الزام تراشی اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کمزور کوشش ہے،پی ٹی آئی

طلال چودھری کا بیان حقائق سے زیادہ سیاسی الزام تراشی اور اپنی ناکامیوں سے ...
طلال چودھری کا بیان حقائق سے زیادہ سیاسی الزام تراشی اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کمزور کوشش ہے،پی ٹی آئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے طلال چودھری کے بیان کا دوٹوک اور مؤثر جواب

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ جاری بیان میں کہا گیا کہ طلال چودھری کا قومی اسمبلی میں دیا گیا بیان حقائق سے زیادہ سیاسی الزام تراشی اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کمزور کوشش ہے۔ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مسئلے کو پی ٹی آئی سے جوڑنا نہ صرف تاریخی حقائق کے منافی ہے بلکہ ریاستی ذمہ داریوں سے دانستہ چشم پوشی بھی ہے۔
سب سے پہلے یہ واضح کیا جانا ضروری ہے کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے، جس کا مقابلہ صرف صوبوں پر الزام دھر کر نہیں کیا جا سکتا۔ نیشنل ایکشن پلان پر اتفاقِ رائے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں ہی ممکن ہوا، اور اسی دور میں دہشت گردی کے خلاف عملی اور مؤثر اقدامات کیے گئے، جن کے نتائج پوری دنیا نے تسلیم کیے۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو کبھی افغانستان سے جوڑا جا رہا ہے اور کبھی دہشت گردوں سے  جو اس بات کا ثبوت ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی حکومت عوامی مینڈیٹ سے خوفزدہ ہو کر کردار کشی اور بہتان تراشی پر اتر آئی ہے۔ یہ کہنا کہ خیبرپختونخوا جل رہا ہے، ایک غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔ خیبرپختونخوا وہ واحد صوبہ ہے جس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔پولیس، سی ٹی ڈی، اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ کر ملک کا دفاع کیا۔ اگر آج دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے تو اس کی بنیادی وجہ وفاقی سطح پر ناقص پالیسی سازی ہے نہ کہ صوبائی حکومت کی نالائقی۔