کوئی غلط فہمی میں نہ رہے‘انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ،پارٹی کیخلاف سازشیں جاری ہیں:صدر زرداری

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے‘انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ،پارٹی کیخلاف سازشیں ...

کراچی(اے پی اے) صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ سیاست میں مقابلہ جمہوری طریقے سے ہوتا ہے اور جمہوری طریقہ انتخابات ہیں۔ سندھ میں گھومنے والو ں کا سر چھپانے کیلئے چھت نہیں مل رہی۔ پیپلز پارٹی اور حکومت کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں جن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ ملک میں کوئی آئینی بحران نہیں‘ قانون سازی پارلیمینٹ کا اختیار ہے‘ آئندہ بھی قانون سازی کریں گے۔ کوئی مقاصد کیلئے آئین کی تشریح کر رہا ہے تو کرتا رہے ۔ عام انتخابات وقت مقررہ پر ہوںگے جس میں کامیابی پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ ایوان صدر میں بیٹھ کر سیاست نہیں کر رہا بلکہ پارٹی ورکرز سے ملتا ہوں اور یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ بلاول بھٹو کی سیاسی تربیت ہورہی ہے۔ آئندہ کارکنوں کی قیادت بلاول اور بختاور بھٹو کریں گے۔ آئندہ انتخابات اتحادیوں سے مل کر لڑیں گے۔ ہمارے لئے مشکلات ہیں توآسانی دوسروں کیلئے بھی نہیں۔ صدر زرداری وزیراعلیٰ ہاﺅس کراچی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قومی اورعوامی جماعت ہے۔ خوشحال پاکستان اس کا ویژن ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے زیادہ جمہوریت کیلئے کسی نے قربانیاں نہیں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو انہوں نے کبھی آئین توڑا‘ سیاسی قوتوں کی مشاورت سے آئینی اصلاحات پارلیمنٹ سے منظور کروائیں اور وہ محلات میں بیٹھ کر نہیں عوام میں رہ کر سیاست کرتے ہیں ۔ صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیدار اور رہنما عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کا سامنا ہے اس لئے سیاسی جماعتیں خوشحال پاکستان کیلئے مل کر کام کریں۔ صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات کیلئے تیار ہے آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی پی پی ہی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی آئینی بحران نہیں ہے ہمارے پاس واضح مینڈیٹ ہے قانون سازی کرتے رہیں گے۔ جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں کسی نے نہیں دیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ آئندہ انتخابات مل کر لڑیں گے۔ ہمارے لئے مشکلات ہیں توآسانیاں دوسروں کیلئے بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے غریب عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ دنیا میں تبدیلی آرہی ہے‘ پاکستان اہمیت کا حامل رہے گا۔ پارلیمینٹ سپریم کورٹ اور تمام ادارے پارلیمینٹ کے طابع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں۔ سندھ میں گھومنے والوں کو سر چھپانے کیلئے چھت بھی نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب سندھ میں سیلاب آیا تو وزیر آبپاشی کو جواب دینا ہوگا۔

مزید : صفحہ اول