سگیاں کلاں‘پٹواری کی لوٹ مار عروج پر‘محکمہ مال کے افسران نے چپ سادھ لی

سگیاں کلاں‘پٹواری کی لوٹ مار عروج پر‘محکمہ مال کے افسران نے چپ سادھ لی

لاہور (عامر بٹ سے) تحصیل سٹی میں واقع موضع سگیاں کلاں کے پٹواری نے ریکارڈ میں ردوبدل کرنے اور الاٹمنٹ شدہ متنازعہ زمینوں کی فردات جاری کرتے ہوئے ریونیو کے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ شہریوں سے انتقالات کے اندراج اور فردات کے اجراءکے لئے بھاری رقوم کی رشوت وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہریوں کی جانب سے بار بار احتجاج کرنے کے باوجود محکمہ مال کے اعلیٰ افسران نے تا حال کوئی نوٹس نہ لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کرپشن، فراڈ اور جعلسازی کرنے کے الزامات میں عرصہ دراز تحصیل حاضر رہنے والے پٹواری کو 3 سال قبل مختلف موضع جات میں دوبارہ تعینات کرنے کے باعث پٹواری حلقہ نے لوٹ مار کا بازار گرم کر دیا ہے موجودہ حالات میں سگہیاں کلاں تعینات پٹواری امین فہیم نے پٹوار خانے میں آنیوالے شہریوں سے جہاں انتقالات کے اندراج اور فردات جاری کرنے کے عمل کے دوران ہزاروں روپے رشوت اکٹھی کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے دوسری جانب اے سی سٹی سارہ عمر کو بھی پرچہ رجسٹری قانون کے مطابق انتقال درج کرنے کی فرضی رپورٹیں تیار کر کے دی ہیں اس کے علاوہ مذکورہ پٹواری نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر پنجاب ڈاکٹر نذیر سعید کی عدالت کی جانب سے جاری کئے جانے والے حکم امتناعی اور پابندی کے باوجود متنازعہ جائیداد کی 37 کنال کی فرد برائے ملکیت بھی جاری کی جسے بروقت دوسری پارٹی نے سٹے لگا کر رجسٹری پاس ہونے سے رکوا دی پٹواری امین فہم کی کرپشن اور رشوت وصولی کی چلائی جانے والی مہم کے باعث محکمہ انٹی کرپشن بھی حرکت میں آ چکا ہے اور مذکورہ پٹواری کے خلاف رشوت وصولی کرنے، ریکارڈ میں ردوبدل کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی شکایات آنے پر تحقیقات کرنے میں مصروف ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پٹواری نے اپنی پوری سروس میں کسی بھی ایک موضع کی جمعبندی کا ریکارڈ مکمل نہ کیا ہے موضع سگہیاں کلاں کے سینکڑوں شہریوں نے اے سی سٹی سارہ عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پٹواری کے ریکارڈ کی بستہ پڑتال کروائی جائے تو بڑے پیمانے پر ہونے والی بے ضابطگیاں منظر عام پر آ جائیں گی مزید معلوم ہواہے کہ مذکورہ پٹواری نے اپنے دفتر میں 3 سے زائد پرائیویٹ منشیوں کو بھی سرکاری ریکارڈ پر بٹھا رکھا ہے جو کہ پٹوار خانے کا کام کرنے میں مصروف ہیں مذکورہ پٹواری پٹوار خانے کی الف ب سے بھی ناواقف ہے اور سارا کام ریونیو ریکارڈ کا پرائیویٹ منشی کرنے میں مصروف ہے انتقال درج کرنا ہو یا فرد برائے ملکیت جاری کرنی ہو افسران بالا کی میٹنگ میں ریونیو ریکارڈ کے حوالے سے آگاہی دینی ہو یا سروے فیلڈ کی رپورٹ تیار کرنی ہو یہ تمام بنیادی کام مذکورہ پٹواری امین فہیم نے پرائیویٹ منشیوں کو سونپ رکھے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...