ایکسائز کمپیوٹر اپ گریڈنہ ہوسکا :موٹر برانچوں میں کام رک گیا ہزاروں سائلین پر یشان

ایکسائز کمپیوٹر اپ گریڈنہ ہوسکا :موٹر برانچوں میں کام رک گیا ہزاروں سائلین ...

 لاہور (شہباز اکمل جندران) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمپیوٹر نے گاڑی کے انجن یا باڈی میں ترمیم ، ٹوکن ٹیکس میں کمی بیشی ، بینکوں کے ساتھ معاہدہ رہن اور دیگر ترامیم کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے، کمپیوٹر کو نئے ضابطوں اور شرائط کے مطابق اپ گریڈ نہ کرنے سے لاہور ، رالپنڈی ، ملتان ،فیصل آباد گوجرانوالہ،سرگودھا، اور بہاولپور، سمیت صوبے بھر کی موٹر برانچوں میں کام رک گیا، ہزاروں سائل روزانہ خوار ہونے لگے،معلوم ہوا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمپیوٹر کو اپ گر یڈ نہ کرنے سے ان دنوں سائلوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نئے مالی سال کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل آفس میں موجود کمپیوٹر کو اپ گریڈ کرتا ہے، لیکن رواں سال کے آغاز پر کمپیوٹر کو اپ گریڈ نہیں کیا جاسکا، جس سے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کمپیوٹر کی اپ گریڈیشن نہ ہونے سے لاہور ، راولپنڈی ، ملتان ، فیصل آباد،سرگودھا، گوجرانوالہ اور بہاولپور سمیت صوبے بھر کی موٹر برانچوں میں عملی طورپر کام ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ موٹر برانچو ں کے کمپیوٹر کسی بھی گاڑی کے انجن میں ترمیم ، انجن کی تبدیلی ، انجن کی طاقت میں کمی بیشی ،گاڑی کی باڈی میں تبدیلی ، سیٹنگ کپیسٹی بڑھانے یا کم کرنے ، ٹوکن ٹیکس میں کمی بیشی ، جو لوگ غلط فہمی یا لاعلمی میں کم یا زیادہ ٹوکن ٹیکس اد ا کر بیٹھے ہوں یا جس شخص نے بینک سے قسطوں پر گاڑی حاصل کی ہو اور قسطوں کی مکمل ادائیگی کے بعد گاڑی اپنے نام ٹرانسفر کروانا چاہتا ہوتو کمپیوٹر ایسی کسی بھی ترمیم کو ماننے سے انکاری ہیں اور جب تک مین سرور کو اپ گریڈ کرنے کے بعد ان ترامیم کو قبول کرنے کے قابل نہیں بنایا جاتا تب تک صوبے کے تما م شہروں میں سائلوں کی پریشانی کا عالم یہی رہیگا ، ا س سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے موٹر برانچ لاہور کے سسٹم اینالسٹ محمد عثمان کا کہناتھا کہ انہیں ا س عہدے پر تعینات ہوئے ابھی 15روز ہوئے ہیں اور وہ سافٹ وئیر کے متعلق زیادہ نہیں جانتا اور سسٹم اینا لسٹ محمد سلیم ہی آکر ان غلطیوں کو دور کرسکتے ہیں جو کہ رخصت پر ہیں، کچھ اسی قسم کا بیان ڈائریکٹر موٹر ز لاہور چوہدری آصف کا تھا جن کا کہناتھا کہ یہ بات درست ہے کہ کمپیوٹر میں کچھ خامیاں پائی جارہی ہیں اور سسٹم اینا لسٹ محمد سلیم کی عدم دستیابی کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے ، لیکن وہ ایک یا دو دن میں واپس آجائینگے اور مین سرور سے کمپیوٹر کی تمام خامیاں دور کردی جائینگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...