وزیراعلیٰ ساندہ کلاں میں آلودہ پانی کی فراہمی کا نوٹس لیں

وزیراعلیٰ ساندہ کلاں میں آلودہ پانی کی فراہمی کا نوٹس لیں

لاہور(کامرس رپورٹر) رشید سٹریٹ نمبر31مین بازار ساندہ کلاں کے رہائشیوں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں پینے کے انتہائی آلودہ پانی کی فراہمی کا نوٹس لیں جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس ، پیٹ کی بیماریاں اور دیگر موذی امراض پھیل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے نام اپیل میں اہل علاقہ نے کہا کہ اوّل تو اکثر اوقات علاقے میں پانی آتا ہی نہیں اور جب کبھی آتا ہے تو وہ انتہائی گندہ، سیاہی مائل اور مضرصحت ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگ خاص طور پر بچے بہت بُری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی اس قدر آلودہ آرہا ہے کہ فلٹر کرنے یا اُبالنے کے باوجود بھی اس میں سے جراثیم ختم نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ساری گلی اکھاڑ صاف پانی کی فراہمی کے لیے نئے پائپ ڈالے گئے لیکن ان کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی تاحال شروع نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کو پانی فراہم کرنے والے ٹیوب ویل کے ساتھ جنریٹر تو لگا ہے لیکن ڈیزل کی عدم فراہمی وجہ سے یہ بند پڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے چوبیس گھنٹے میں سے چند گھنٹے ہی پانی دستیاب ہوتا ہے۔ اہلیان رشید سٹریٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور علاقے کو صاف ستھرے پانی کی مسلسل فراہمی کے احکامات صادر فرمائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1