اے جی آفس کے یونین صدر کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا
لاہور(کرائم رپورٹر)تھانہ اسلام پورہ کے علاقہ میں اے جی آفس میں ملازم یونین کے صدر کو موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے واقعہ کے بعد یونین کے کارکنوں نے مال روڈ بلاک کرکے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیاتاہم پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر ملازمین منتشر ہوگئے۔بتایاگیا ہے کہ لوئرمال منشی ہسپتال کارہائشی محمد بخش الہی جو اے جی آفس میں ملازمت کرتا تھا اور یونین کا صدر تھاجبکہ وہ ایپکا کا وائس چیئرمین بھی تھاگزشتہ روزوہ آﺅٹ فال روڈ پر سے گزر رہاتھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اسی دوران اس کا بیٹا پٹرول پمپ پر پٹرول ڈلوا رہاتھا کہ اس نے دیکھا کہ دو موٹر سائیکل پر سوار افراد اس کے باپ کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کرکے فرار ہورہے ہیں وہ شور مچاتا ہواباپ کے قریب پہنچا اور اس نے فوری پولیس اور امدادی ٹیموں کو اطلاع کردی زخمی کو فوری تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال پہنچایاگیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کردی مقتول کی ہلاکت پر یونین کے کارکنوں نے قتل کے خلاف شدید احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا مقتول کے بیٹے اویس نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے باپ کو اسلم گجر، اکاﺅنٹنٹ اے جی آفس اور اسسٹنٹ اکاﺅنٹنٹ کامران نے انپے دو نامعلوم ساتھوں کے ہمراہ قتل کیا ہے پولیس نے مقتول کے بیٹے کی درخواست پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انکی تلاش شروع کردی ہے دوسری طرف یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انتظامیہ اور یونین کے درمیان جو ہڑتال کے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں شبہ ہے کہ اسی بنا پر بخش الہی کو قتل کیا گیا ہے تاہم پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد اصل حقائق واضح ہوں گے۔پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کروادی مقتول کی ہلاکت پر اس کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔